ملک میں قہر کی گرمی، جیکب آباد،شہید بینظیرآباد میں درجہ حرارت 51 ڈگری تک پہنچ گیا

 ڈ ی جی خان، موہنجو داڑو میں 50، سبی، دادو، سکرنڈ، خیر پور، لاڑکانہ اور پڈعیدن کا درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا

اسلام آباد ( ویب  نیوز) ملک بھر کے متعدد علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ،جیکب آباد اور شہید بینظیرآباد میںدرجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف حصے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جن میں جنوبی پنجاب اور سندھ کے زیادہ تر علاقے شامل ہیں جبکہ سندھ کے اضلاع شہید بینظیر آباد اور جیکب آباد میں درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ پر پہنچ گیا جبکہ ڈیرہ غازی خان، موہنجو داڑو میں 50 ڈگری سینٹی گریڈ، سبی، دادو، سکرنڈ، خیر پور، لاڑکانہ اور پڈعیدن  49  ،لاہور 46ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقے شدید گرمی کے زیراثر رہیں گے ۔ پاکستان کے وسطی اور جنوبی میدانی اضلاع میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے کہا کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بالائی خیبر پختونخوا، پوٹھوہار اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں چند مقامات پر آندھی اور گرد آلود ہوا ئوں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔  ملک کے وسطی اور جنوبی میدانی اضلاع میں گرد آلود ہوائیں اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔