file photo

پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کراچی کے مظاہرے ، ظالمانہ فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ

 اتحادی حکومت نے اقتدار میں آنے سے قبل مہنگائی کو کم کرنے کے جو وعدے کیے گئے تھے ان کو پورا کرتے ہوئے عوام کو ریلیف دے ، مقررین کا خطاب

مظاہرے بنارس ، برنس روڈ ، واٹر پمپ چورنگی ، ناظم آباد، یوپی موڑ ، حسن اسکوائر ، نمائش چورنگی ، ڈی سی آفس کورنگی ، ملیر سعود آباد اور دیگر مقامات پر ہوئے

مظاہروں سے امراء اضلاع کا خطاب ،مظاہرین نے مختلف بینرز اور پلے کارڈز اُٹھائے ہوئے تھے ، اتحادی حکومت کے خلاف پُر جوش نعرے

کراچی ( ویب  نیوز)

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں 60روپے اضافے اور ہوشربا مہنگائی کے خلاف کراچی میں مختلف اضلاع کے تحت ہفتہ کو احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ظالمانہ اضافہ فی الفور واپس لیا جائے اور اتحادی حکومت نے اقتدار میں آنے سے قبل مہنگائی کو کم کرنے کے جو وعدے اور دعوے کیے گئے تھے ان کو پورا کرتے ہوئے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کیے جائیں ، مظاہرے بنارس ، اورنگی ٹائون ، برنس روڈ فریسکو چوک، واٹر پمپ چورنگی فیڈرل بی ایریا ، ناظم آباد بالمقابل امتیاز سپر اسٹور ، یوپی موڑ نارتھ کراچی ، حسن اسکوائر گلشن اقبال ، نمائش چورنگی ، ڈی سی آفس کورنگی ڈھائی نمبر ، ملیر سعود آباد اور دیگر مقامات پر ہوئے ۔ مظاہروں سے امراء اضلاع مولانا فضل احد ،سیف الدین ایڈوکیٹ ، عبد الجمیل خان ، وجیہ الدین ،محمد یوسف ، توفیق الدین صدیقی ، سابق امیر ضلع غربی حمید اللہ ایڈوکیٹ، ضلعی سیکریٹری سفیان دلاور، ڈاکٹر فواد اور دیگر نے خطاب کیا ۔ مظاہروں کے شرکاء نے مختلف بینرز اور پلے کارڈز اُٹھائے ہوئے تھے جب پر ”آئی ایم ایف کی غلامی نا منظور نامنظور ، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے ، گیس ، بجلی اور کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں کم کی جائیں،پیٹرول کی قیمتو ں میں اضافہ عوام کا معاشی قتل ہے ، حکمرانوں عوام پر رحم کرو ، مہنگائی ختم کرو  ”اور دیگر عبارتیں درج تھیں، مظاہرین نے حکمران اتحاد اور اتحادی جماعتوں کی حکومت کے خلاف  پُر جوش نعرے بھی لگائے ، مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران طبقہ آئی ایم ایف کی غلامی میں ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کا مقابلہ کررہاہے ۔ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے پیٹرول بم گرائے جارہے ہیں۔ ایک ہفتے میں دو دفعہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ عوام کا معاشی قتل ہے۔حکمران اپنے شاہانہ اخراجات اورعیاشیاں ترک کرکے سرکاری پروٹوکول ختم کریں۔حکومت آئی ایم ایف کے سامنے جھکنے کے بجائے 23 کروڑ عوام کی فکر کریں۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور پیٹرول کی قیمت میں اضافہ فوری واپس لے۔ جماعت اسلامی پورے ملک میں پیٹرول کی قیمت پر اضافے اور مہنگائی کے خلاف تحریک چلا رہی ہے۔ اگر پیٹرول کی قیمت میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو جماعت اسلامی بڑے پیمانے پر دھرنوں کا آپشن بھی رکھتی ہے۔ حکمرانوں نے اپنی عیاشیوں کے لئے ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کردیا ہے۔ پی ڈی ایم حکومت بھی آئی ایم ایف کی غلامی میں سابقہ حکومت کا تسلسل ثابت ہوئی ہے۔پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔وزیر اعظم نے اپنے کپڑے بیچنے کے بجائے عوام کے تن سے کپڑے اور منہ سے نوالہ تک چھین لیا ہے ۔پی ڈی ایم حکومت کے پاس مہنگائی کو کنٹرول کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔آئے دن مہنگائی میں اضافہ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کا شاخسانہ ہے۔ پی ڈی ایم حکومت سفارت کاری ،معیشت ،امن و مان سمیت ہر شعبے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔معیشت کو بہتر بنانے کے وعدے پانی کے بلبلے ثابت ہوئے۔انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے ضروریات زندگی کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔سبزی دالیںاور گوشت سمیت کھانے پینے اور کی اشیاء مہنگی ہونے سے عوام شدیدپریشانی میں مبتلا ہیں۔بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں پے درپے اضافے نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔عوام کے لئے بائیک پر سفر کرنا بھی ناممکن ہوتا جارہا ہے ۔10سے 15 ہزار ماہانہ کمانے والے بجلی و گیس کا بل ادا کرنے سے قاصر ہیں۔ اگر مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوتا رہا تو یہی عوام حکمرانوں کو ایوانوں میں بیٹھنے نہیں دیں گے۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں اور مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف تحریک کا حصہ بنیں۔