درجہ حرارت میں اضافہ،این ڈی ایم اے کی جانب سے ہیٹ ویو الرٹ جاری

آج اتوار سے جمعرات تک درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا امکان

متعلقہ محکموں کو ضروری احتیاطی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہیں،این ڈی ایم اے

عوام احتیاط اور  بلا ضرورت سورج کی روشنی میں جانے سے گریز کریں،این ڈی ایم اے کی اپیل

اسلام آباد(  ویب نیوز)

گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ،درجہ حرارت بڑھنے لگا،این ڈی ایم اے (نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی)کی جانب سے ہیٹ ویو الرٹ جاری، آج  یعنی (اتوار) سے جمعرات تک دن کے اوقات کار میںدرجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا امکان ہے،متعلقہ محکموں کو ضروری احتیاطی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ  ملک کے بیشتر حصوں میں اگلے چار سے پانچ دن تک دن کے اوقات کار میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا امکان ہے، اسلام آباد سے پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر، سندھ اور مشرقی بلوچستان میں آئندہ ہفتے گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہے گا ،محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ درجہ حرارت میں اضافے کے باعث دوپہر یا شام میں طوفان و گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے درجہ حرارت میں اضافہ کی پیش گوئی کے باعث این ڈی ایم اے نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے،  این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ہفتہ بھر جاری رہنے والی ہیٹ ویو آبی ذخائر میں کمی، کھڑی فصلوں اور پودوں کو بھی متاثر کرنے کا باعث بن سکتی ہے،صورتحال کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو ضروری احتیاطی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں، صوبائی و ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں،جبکہ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عوام بلا ضرورت سورج کی روشنی میں جانے سے گریز کریں۔