حجاج کرام خوش قسمت ہیں کہ انہیں حج کی سعادت نصیب ہو رہی ہے،گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کا لاہور ایئر پورٹ پرعازمین حجاج سے خطاب

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 747میں 320عازمین حج مدینہ کے لئے روانہ ہوئے

لاہور  (ویب نیوز)

روڈ ٹو مکہ 2022 کے تحت لاہور اور اسلام آباد سے 520 عازمین حج روانہ ہوگئے، لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر حجاج کو الوداع کہنے کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمن مہمان خصوصی تھے۔ترجمان سول ایویشن کے مطابق لاہور کی تقریب میں مذہبی امور، سول ایویشن، ایئر بلیو اور ایئرپورٹ سیکیورٹی کے حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایئر پورٹ منیجر نذیر احمد خان نے عازمین حجاج کرام کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ سول ایوی ایشن حجاج کرام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے کوشاں رہے گی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ سال لاہور ایئر پورٹ بھی روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل ہوگا۔گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ حجاج کرام خوش قسمت ہیں کہ انہیں حج کی سعادت نصیب ہو رہی ہے، انہوں نے حجاج کرام سے کہا کہ مقدس مقامات کا بے حد احترام ملحوظ خاص رکھیں۔بلیغ الرحمن نے عازمین حج سے کہا کہ وہ حجاز مقدس میں اپنے وطن کی سلامتی اور ترقی کے لئے دعا بھی کریں۔اس موقع پر گورنر نے عازمین حج کو ہار پہنائے اور مبارک باد دی، بعدازاں ایئر بلیو کی فلائٹ پی اے 476 دو سو عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوئی۔دوسری جانب اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بھی پہلی حج پرواز روانہ ہوگئی، قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 747میں 320عازمین حج مدینہ کے لئے روانہ ہوئے ہیں۔حجاج کرام کے داخلے کے لئے علیحدہ گیٹ مختص کیا گیا اور ان کی سہولت کے لئے اسپیشل امیگریشن کاونٹرز قائم کئے گئے۔

 

حج کے دوران بغیر اجازت ریاض الجنہ میں داخلے پر پابندی عائد

کورونا ایس او پیزاور شدید رش سے بچنے کیلئے سعودی حکام نے یہ فیصلہ کیا،وزارت مذہبی امور

مدینہ منورہ پہنچنے والے عازمینِ حج سعودی اجازت نامے کے بغیر ریاض الجنہ نہ جائیں

سعودی حکام نے حج کے دوران بغیر اجازت نامے کے ریاض الجنہ میں داخلے پر پابندی عائد کر دی۔وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ کورونا ایس او پیزاور شدید رش سے بچنے کیلئے سعودی حکام نے یہ فیصلہ کیا۔ریاض الجنہ میں داخلے کو پیشگی اجازت نامے سے مشروط کیا گیا ہے۔وزارت مذہبی امور نے ہدایت کی ہے کہ مدینہ منورہ پہنچنے والے عازمینِ حج سعودی اجازت نامے کے بغیر ریاض الجنہ نہ جائیں۔ ریاض الجنہ میں اجازت کے بغیر داخلہ کی صورت میں سعودی حکام کی جانب سے بھاری جرمانہ عائد ہو گا۔ وزارت مذہبی امور نے وضاحت کی ہے کہ حرم نبوی ۖکے دیگر حصوں میں نماز کی ادائیگی کیلئے اجازت نامے کی ضرورت نہیں۔