اسلام آباد (ویب نیوز)

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام ترسہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے اسلام آباد میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بنحسائین کی ملاقات ہوئی ہے جس دوران توانائی ،تعلیم، صحت اور ترقیاتی شعبوں میں جاری اقدامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران پاکستان میں ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حکومت توانائی کے بحران اور دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے اور مختلف شعبوں کی ترقی میں عالمی بینک کا تعاون لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی بحالی اوراستحکام کیلئے ٹھوس پالیسیاں مرتب کر کے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے نمائندوں کے طور پر پارلیمنٹیرینز کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے کوشش کریں۔چیئرمین سینیٹ نے امید طاہر کی ہے کہ ورلڈ بینک گورننس اور سروس ڈیلیوری کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات میں پارلیمان اور حکومت پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہاکہ عالمی بینک تکنیکی اور مالی امداد کے ذریعے ملک کی نوجوان آبادی کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے بہت اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کیلئے مشترکہ فریم ورک بنانے کیلئے پارلیمان اور ورلڈ بینک حکومت کو انگیج کرسکتی ہیں جس سے امداد کی افادیت میں مزید اضافہ ہوگا۔اس موقع پر ورلڈ بینک کنٹری ڈائریکٹر نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے، پائیدار ترقی اور توانائی کے بحران سے نکلنے کیلئے ورلڈ بینک پاکستان کی مدد جاری رکھے گا۔