ہلاک دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ،آئی ایس پی آر

راولپنڈی (ویب نیوز)

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسزکے آپریشن میں کالعدم بلوچستان لبریشن فرنٹ ( بی ایل ایف) کے 6دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پاروم کے قریب سینٹرل مکران مانٹین رینج میں آپریشن کیا ، ہلاک دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ اتوار کے روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر )کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر بلوچستان کے علاقے پاروم کے قریب سینٹرل مکران مانٹین رینج میں آپریشن کیا، جب سیکورٹی فورسز کی ٹیموں نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کیا  تو دہشت گردوں نے فرار ہونے کی کوشش میں سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں بی ایل ایف سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گرد مارے گئے،ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کی چوکیوں پر حملوں کے علاوہ پنجگور کے علاقے پاروم اور گردونواح میں سیکیورٹی فورسز کے قافلوں پر آئی ای ڈیز نصب کرنے میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھار ی مقدار میں اسلحہ ،گولہ بارود اور مواصلاتی آلات بھی برآمد ہوے ہیں، جو دہشت گردوں کی جانب سے علاقے میں امن و امان کو خراب کرنے کے لیے استعمال کرنا تھا۔  سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔