چوروں کو این آر او ٹو دیکر نظام احتساب کو باضابطہ طور پر دفن کیا گیا، عمران خان

بڑے چوروں نے نیب قانون کو بدل کر قوم کے لوٹے گئے 1200 ارب ہضم کرنے کی شرمناک کوشش کی ہے

ایک طرف ملک نہیں سنبھل رہا دوسری طرف چوری معاف کروانے کی انکی کوششیں گوارا کی جارہی ہیں،خطاب،پی ٹی آئی نے یوم سیاہ بھی منانا

اسلام آباد (ویب نیوز)

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے چوروں کو این آر او ٹو دیکر نظام احتساب کو باضابطہ طور پر دفن کیا گیا، بڑے چوروں نے نیب قانون کو بدل کر قوم کے لوٹے گئے 1200 ارب ہضم کرنے کی شرمناک کوشش کی ہے،ایک طرف ملک نہیں سنبھل رہا دوسری طرف چوری معاف کروانے کی انکی کوششیں گوارا کی جارہی ہیں۔ پیر کے روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ  اسلام آباد میں اجلاس ہوا، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی، معاشی  صورتحال خصوصا نیب ترمیمی بل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،حکومت کی جانب سے نیب قانون میں ترامیم کے ذریعے نظامِ احتساب دفن کرنے کی کوششوں پر مفصل بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ  نظامِ احتساب کی تباہی سازش سے مسلط ہونے والی کٹھ پتلیوں کا کلیدی ہدف تھا، روزِ اول سے نشاندہی کر رہا ہوں کہ ان کے آنے کا  واحد مقصد خود کو این آر او ٹو دلوانا ہے، چوروں کو این آر او  دیکر نظام احتساب کو باضابطہ طور پر دفن کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ سابق و زیراعظم نے کہا کہ ان بڑے چوروں نے نیب قانون کو بدل کر قوم کے لوٹے گئے 1200 ارب ہضم کرنے کی شرمناک کوشش کی ہے، بڑے چوروں کو لوٹ مار کی کھلی آزادی تیسری دنیا میں غربت کی بڑی وجہ ہے،  26 سال بڑے چوروں کو قانون کے تابع کرنے، احتساب کا نظام مضبوط بنانے کیلئے جدوجہد کی۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ  ایک طرف ملک نہیں سنبھل رہا دوسری طرف چوری معاف کروانے کی انکی کوششیں گوارا کی جارہی ہیں، اس کرپٹ سفاک گروہ نے پاکستان کی اخلاقیات تباہ کردی ہیں، اقتدار میں آکر لوٹ مار کرنا اور ادارے تباہ کرکے اس لوٹ مار کو بچانا کلچر بنا دیا گیا ہے، مجرموں کے ٹولے کی اس شرمناک کوشش کی ہر سطح پر مزاحمت کریں گے۔ اجلاس کے دوران عمران خان نے پارٹی رہنماوں کو  نظامِ احتساب کی تباہی کی شرمناک کوشش بھرپور انداز میں اجاگرکرنے کی ہدایت بھی دی۔ اجلاس میں ہونے والے فیصلے کے نتیجہ میں تحریک انصاف نے نیب قوانین میں تبدیلی کی بھر پور مذت کرتے ہوئے یوم سیاہ بھی منایا، پی ٹی آئی رہنماوں نے ہاتھوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر تقریبات میں شرکت کی۔