آرٹیکل 184/3 کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات درست ہیں، عدالتی حکمنامہ

اسلام آباد (ویب نیوز)

سپریم کورٹ آف پاکستان نے سندھ بلدیاتی انتخابات کے معاملے میں تحریک انصاف کی درخواست مسترد کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا۔   سپریم کورٹ کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے پاس عدالتی فیصلہ پرعمل در آمد کے لیے سندھ ہائی کورٹ کا فورم موجود ہے۔ عدالتی حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا کہ آرٹیکل 184/3 کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات درست ہیں۔سپریم کورٹ کے جسٹس اعجازالاحسن نے چیمبرمیں پی ٹی آئی کی اپیل پرسماعت کی تھی۔تحریک انصاف نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات، پہلے اور دوسرے مرحلے کی پولنگ کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔ دوسری طرف سندھ ہائی کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے خلاف تحریکِ انصاف کی حکم امتناع کی استدعا مسترد کردی۔عدالت کی ہدایت پردرخواست گزارکے وکیل نے فریق کی حیثیت سے پیپلز پارٹی کا نام درخواست سے نکالتے ہوئے تحریک انصاف کی درخواست بھی ایم کیوایم کی درخواست کے ساتھ منسلک کردی۔سندھ ہائی کورٹ نے کہا کہ تمام پارٹیاں الیکشن لڑنے کا حق رکھتی ہیں، حکومت سندھ کو فریق بنانے کے بعد سیاسی پارٹی کو فریق بنانے کا جواز نہیں۔تحریک انصاف کی جانب سے علی زیدی، ارکانِ اسمبلی سدرہ عمران اور رابعہ نظامانی نے درخواست دائر کی ہیں۔