بجٹ میں 1 کھرب 35 ارب 20 کروڑ روپے غیر ترقیاتی اخراجات،28 ارب 50کروڑ روپے ترقیاتی اخراجات کے لیے مختص کیے گئے

 ترقیاتی بجٹ میں صحت عامہ کے لیے 1 ارب80 کروڑ، تعلیم کے لئے 2 ارب 17 کروڑ اور مواصلات کے لیے 12ارب روپے مختص

بجٹ میں داخلہ کیلئے 7 ارب 25 کروڑ 8 لاکھ، جیل خانہ جات 25 کروڑ 1 لاکھ، شہری دفاع 30 کروڑ 38 لاکھ اور آرمڈ سروسز بورڈ کو 8 کروڑ 50 لاکھ ملیں گے، وزیر خزانہ عبد الماجد خان

وزیراعظم سردار تنویرالیاس کی زیرصدارت کابینہ اجلاس نے بجٹ کی منظوری دی، بھارتی وزیر دفاع کی آزاد کشمیر پر حملے کی دھمکی کی شدید مذمت

اجلاس میں حریت رہنما یاسین ملک کی گرفتاری اور غیر منصفانہ سزا کے خلاف قرارداد بھی منظور،افغانستان زلزلہ متاثرین کیلئے وزرا اور گزیٹیڈ آفیسرز کی ایک دن کی تنخواہ دینے کا اعلان

مظفرآباد (ویب نیوز)

آزاد جموں و کشمیر کے نئے مالی سال  2022-23 کا ایک کھرب 63 ارب 70 کروڑ روپے کا بجٹ پیش کر دیا گیا، بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنرز کیلئے 15فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔بجٹ وزیر خزانہ عبد الماجد خان نے پیش کیا، بجٹ میں 1 کھرب 35 ارب 20 کروڑ روپے غیر ترقیاتی اخراجات جبکہ 28 ارب 50 کروڑ روپے ترقیاتی اخراجات کے لیے مختص کیے گئے ہیں، ترقیاتی بجٹ میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 2 ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔وزیر خزانہ عبد الماجد خان نے بتایا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنرز کیلئے 15فیصد اضافہ کی بھی تجویز ہے، ترقیاتی بجٹ میں صحت عامہ کے لیے 1 ارب80 کروڑ، تعلیم کے لئے 2 ارب 17 کروڑ اور مواصلات کے لیے 12ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔نئے مالی سال کے بجٹ میں فزیکل پلاننگ وہائوسنگ کے لئے 3 ارب 30 کروڑ مختص کرنے کی تجویز ہے، ریلیف و بحالیات کے لیے 1 ارب 14 کروڑ 91 لاکھ ، پنشن کے لیے 26 ارب، تعلقات عامہ کے لیے 23 کروڑ 17 لاکھ اور عدلیہ کے لیے 2 ارب 12 کروڑ 28 لاکھ مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔بجٹ میں داخلہ کیلئے 7 ارب 25 کروڑ 8 لاکھ، جیل خانہ جات 25 کروڑ 1 لاکھ، شہری دفاع 30 کروڑ 38 لاکھ اور آرمڈ سروسز بورڈ کو 8 کروڑ 50 لاکھ ملیں گے ۔وزیر خزانہ کے مطابق سپورٹس یوتھ کلچر اینڈ ٹرانسپورٹ کو13کروڑ، مذہبی امور 21 کروڑ، سماجی بہبود و ترقی نسواں 61 کروڑ اور زراعت کو 85 کروڑ ملیں گے۔سالانہ بجٹ میں امور حیوانات 78 کروڑ، خوراک 30 کروڑ، ریاستی تجارت 3 ارب 70 کروڑ اور جنگلات کے لیے 1 ارب 43 کروڑ مختص، برقیات 9 ارب 42 کروڑ، لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی 70 کروڑ اور انڈسٹریز کے لیے 24 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم سردار تنویرالیاس کی زیرصدارت کابینہ اجلاس نے بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔آزاد کشمیر کا ترقیابی بجٹ رواں مالی سال کے بجٹ سے 2ارب 20کروڑ روپے زیادہ ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کے بجٹ کے لیے 28 ارب 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں ۔آزادکشمیر کے مالی سال 2022-23کاغیر ترقیاتی بجٹ ایک کھرب 35 ارب 20 کروڑ روپے تجویز کیا گیا ہے۔آزادکشمیر کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 15 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی ہے ،افغانستان زلزلہ متاثرین کیلئے وزرا اور گزیٹیڈ آفیسرز کی ایک دن کی تنخواہ دینے کا اعلان بھی کیا گیا۔اجلاس میں حریت رہنما یاسین ملک کی گرفتاری اور غیر منصفانہ سزا کے خلاف قرارداد بھی منظورکی گئی۔اجلا س میں بھارتی وزیر دفاع کی آزاد کشمیر پر حملے کی دھمکی کی شدید مذمت کی گئی ہے۔