وزیراعظم شہباز شریف سے وزیرِ اعلی سندھ اور ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقاتیں

 ایم کیو ایم وفد کا وزیرِ اعظم معاہدے پر عملدرآمد تیز کرنے پر زور، گورنر سندھ کی جلد تقرری کا مطالبہ

 وزیرِ اعلی سندھ سے ملاقات میں وزیرِ اعظم نے صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

کراچی( ویب  نیوز)

وزیراعظم شہباز شریف سے دورہ کراچی کے دوران وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور ایم کیو ایم کے وفد کی الگ الگ ملاقات ہوئی ہے۔ملاقات کے دوران ایم کیو ایم کی جانب سے حکومت پر کیے جانے والے معاہدے پر عملدرآمد تیز کرنے پر زور دیا گیا ہے، ایم کیو ایم وفد نے وزیرِ اعظم سے ملاقات میں گورنر سندھ کی جلد تقرری کا مطالبہ کیا۔اسکے علاوہ ملاقات میں معاہدے پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور ساتھ ہی مردم شماری ، انتخابی اصلاحات سمیت دیگر معاملات پر بھی گفتگو کی گئی۔ملاقات میں بلدیاتی انتخابات میں انتخابی اتحاد سمیت مستقبل میں ورکنگ ریکیشن پر بھی بات چیت کی گئی۔اس موقع پر ایم کیو ایم کی جانب سے پیپلز پارٹی کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے بطور ضمانتی وزیراعظم سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب ایم کیو ایم نے وفاق کے تحت جاری منصوبوں خصوصا کے فور اور ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کرنے کی درخواست کی ہے ۔ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی ہے کہ شہری سندھ خصوصا کراچی کے لیے ہر وعدے کو پورا اور وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔خیال رہے کہ ایم کیو ایم کے وفد کی سربراہی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کررہے تھے جبکہ وفد میں کنور نوید جمیل ، وسیم اختر اور وفاقی وزیر امین الحق موجود تھے اور حکومتی وفد میں وفاقی وزیر سعد رفیق بھی موجود تھے۔قبل ازیںوزیرِ اعظم شہباز شریف نے وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ سے تفصیلی ملاقات کی ۔وزیرِ اعلی سندھ سے ملاقات میں وزیرِ اعظم نے صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ کراچی میں ن لیگ کے وفد سے بھی ملاقات کی۔