توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے کالا باغ ڈیم سمیت دیگر منصوبے مکمل کیے جائیں۔ڈائریکٹر پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی

لاہور (ویب نیوز)

تاجر رہنما  و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین سینئر نائب صدر فیروز پور بورڈ وسابق ایگزیکٹو ممبرلاہور چیمبرز آف کامرس  نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے عید الضحیٰ تک کاروبار کے لیے رات9بجے تک کی پابندی ختم کرنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کاروباری اداروں میں وقت کی پابندی ختم کرنے سے کاروباری سرگرمیوں اور ٹیکس کی مد میں حکومتی ریونیو میں اضافہ ہوگا اور شہری آسانی سے اپنی عید کی خریداری مکمل کرسکیں گے ۔  ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ کاروبار ی مراکز میں رات9بجے مارکیٹیں بند کرنے کی پابندی ختم کرنے سے شدید مالی مشکلات کے شکار تاجروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔انہوںنے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ سے صنعتیں بھی فروغ پاتی ہیں اگر کاروبار کی بندش ہوگی تو صنعتی شعبے بھی اس سے متاثر ہوتے ہیں ۔حکومت کاروبار بند کرنے کی بجائے توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے کالا باغ ڈیم سمیت دیگر منصوبوں کی تکمیل کرے تاکہ ملک میں جاری لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔