کراچی (ویب نیوز)

انٹربینک مارکیٹ میں روپے کی قدر میں ایک مرتبہ پھر کمی آئی اور ڈالر کی قیمت میں 2 روپے 38 پیسے کا اضافہ ہوا۔ اسٹیٹ بینک نے اس حوالے سے بتایا کہ دن کے اختتام پر ڈالر کی قیمت 206 روپے 94 پیسے تھی جبکہ گزشتہ روز ڈالر کی قدر 204 روپے 56 پیسے تھے اور یوں روپے کی قدر میں 1.15 فیصد کمی ہوئی۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل ظفر پراچا کا کہنا تھا کہ روپے کے دباو کے زیر اثر آنے کی بنیادی وجہ انٹربینک میں بینکوں کی وہ قیاس آرائیاں ہیں، جو سمجھتے ہیں کہ ملک کو عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف) سے قرض تاحال موصول نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ مرکزی بینک نے بینکوں کو درآمدات کی اجازت بھی دے دی ہے جس کی وجہ سے ڈالر کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک طرح سے کوئی بڑی طلب نہیں ہے لیکن بینک صرف کمائی جانے والی رقم پر یقین رکھتے ہیں بجائے اس کے کہ ملک میں جو کچھ بھی ہو۔فوریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر ملک بوستان کا کہنا تھا کہ تیل کی ادائیگیوں کی وجہ سے روپے پر دبا آیا ہے، امید ہے کہ جولائی کے وسط میں روپے کی قدر میں استحکام آئے گا۔انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک کی زری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کا اجلاس 7 جولائی کو ہونے جارہا ہے اور پالیسی ریٹ میں اضافے کی اطلاعات ہیں، اس وجہ سے بینک ڈالر کی فارورڈ بکنگ زیادہ کر رہے ہیں، جس سے روپیہ کمزور ہو رہا ہے۔ملک بوستان نے کہا کہ امید ہے کہ آئی ایم ایف کا قرض پروگرام زری پالیسی کے اعلان کے بعد بحال ہوجائے گا اور اس سے روپے کو استحکام ملے گا۔ٹریس مارک کی ریسرچ ہیڈ کومل رضوی نے بتایا کہ عید سے قبل کرنسی کی گردش سے روپیہ کمزور ہوا۔میٹس گلوبل کے ڈائریکٹر سعد بن نصیر نے روپے کی قدر میں کمی کو عید کی چھٹیوں کے پیش نظر درآمد کنندگان کی قبل از وقت طلب سے جوڑا ہے۔

ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں یکدم 1500 روپے اضافہ

ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں یکدم 1500 روپے اضافہ ہوگیا۔سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونیکی فی تولہ قیمت 1500 روپے اضافے سے 1 لاکھ 42 ہزار 900 روپے ہوگئی ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت 1286 روپے اضافے سے 1 لاکھ 22 ہزار 514 روپے ہوگئی ہے۔سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی صرافہ میں سونیکا بھا 4 ڈالر کم ہوکر 1803 ڈالر فی اونس ہے۔