سمندری سفر کے فروغ کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے

صدر مملکت کی پاکستان بوٹ ریلی اینڈ فشنگ ٹورنامنٹ کے سی ای او سی گفتگو

اسلام آباد (ویب نیوز)

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کے ساحل، جزائر اور ساحلی مقامات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ترقی دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا  ہے کہ پاکستان بین الاقوامی سمندری کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد سے کافی آمدن کما سکتا ہے ، بوٹ ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر کام کریں۔ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان بوٹ ریلی اینڈ فشنگ ٹورنامنٹ کے سی ای او نے بدھ کے روز ملاقات کی، صدر مملکت کو پاکستان میں سمندری سیاحت کے امکانات کے بارے میں بریفنگ دی گئی ، بتایا گیا کہ گزشتہ سال پاکستان بوٹ ریلی  کو "دنیا کی سب سے طویل بوٹ ریلی” کا نام دیا گیا ہے، پاکستان بوٹ ریلی کے مستقبل کے ایونٹ میں دیگر ممالک کے کشتی ران بھی شرکت کریں گے۔اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ فیری سروس کے ذریعے سمندری نقل و حمل سے ساحلی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو مناسب اور سستی سفری سہولت میسر آئے گی ، فیری سروس سے پاکستانی سامان کی دیگر حصوں تک نقل و حمل کا ایک قابل عمل وسیلہ میسر ہوگا،  فیری سروس سے بندرگاہوں اور سیاحتی مقامات کی ترقی کے علاوہ سیاحت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ صدر  عارف علوی نے ساحلی سیاحت اور بلیو اکانومی کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کے ساحل، جزائر اور ساحلی مقامات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ترقی دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ  پاکستان کی ساحلی پٹی کو اس کی بھرپور صلاحیتوں کے مطابق ترقی دی جانی چاہیے ، ساحلی علاقے کی ترقی سے ساحلی علاقوں میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، ساحلی علاقے کی ترقی سے مقامی آبادی کو روزگار ملے گا ، پاکستان کے منفرد جیو اکنامک محل وقوع کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ صدر مملکت نے سمندری سفر کے فروغ کیلئے ضروری بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سمندری سفر کے فروغ کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے ، متعلقہ محکمے ایک دوسرے کے ساتھ قریبی ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں ، باقاعدہ، رسمی اور قانونی سمندری سفر کو کامیاب بنانے میں تمام متعلقہ محکموں کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان  کا کہنا تھا کہ پاکستان بین الاقوامی سمندری کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد سے کافی آمدن کما سکتا ہے ، بوٹ ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر کام کریں۔