پشاور (ویب نیوز)

فضائی ٹریفک (ہوائی پروازوں)کو پرندوں سے لاحق خطرے کو قابو کرنے کی مہم کے سلسلے میں سپیشل برڈزہزرڈ کنٹرول کمیٹی (BHCC) کا اجلاس ایئر کموڈور اور بی ایچ سی سی کے چئیر مین تیمور اقبال کی سربراہی میں پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں آفیسر کمانڈنگ ٹی اے ونگ پی اے ایف بیس پشاور محمد اسعد خان،آفیسر کمانڈنگ سیکورٹی ونگ پی اے ایف بیس پشاورمظہر علی بنگش، آفیسر کمانڈنگ ایڈمنسٹریٹو ونگ پی اے ایف بیس پشاور ابرار انجم،فلائٹ سیفٹی آفیسر پاکستان ائیر فورس پشاور ایئر بیس سکواڈرن احمد بلال، میجر محمود پاک آرمی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) پشاورڈاکٹر احتشام الحق ، ریجنل میونسپل کارپوریشن آفیسر عالم زیب خان، پشاور کے تمام ٹی ایم اوز سمیت دیگر سول و عسکری عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد عید الاضحی کے موقع پر ذبح شدہ جانوروں کی آلائشوں اور انکی باقیات پر پرندوں کے جمع ہونے اور ان کی اڑان کے باعث فضائی پروازوں کو درپیش خطرات کو کنٹرول کرنا تھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کمیٹی ایئرکموڈور تیمور اقبال نے کہا کہ BHCC کے اجلاس کے انعقاد کا مقصد ایک ایسی خصوصی اور جامع مہم شروع کرنا ہے جس کے ذریعے پی اے یف بیس اور باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پشاور پر فضائی سرگرمیوں کو محفوظ بنایا جا سکے، اس سلسلے میں عید الاضحی پر ذبح کیے جانے والے جانوروں کی آلائشیں مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانا انتہائی ضروری ہے۔ اجلاس کے دوران فلائٹ سیفٹی آفیسر سکواڈرن لیڈر بلال احمد نے محفوظ ہوائی سفر پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے اجلاس کو گزشتہ سالوں کے دوران پرندوں کے ہوائی جہازوں سے ٹکرانے، ہوائی فائرنگ،لیزر لائیٹس اور پتنگ بازی سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال آلائشوں کو موثر طریقے سے ٹھکانے لگانے کی بدولت پرندوں کے طیاروں کے ساتھ ٹکرانے،قومی اثاثوں اور قیمتی جانوں کے ضیاع کے واقعات میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔اجلاس میں عید الاضحی کے دنوں میں ضلع پشاور میں شہریوں کو جانوروں کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کے لئے ان میں آگاہی پھیلانے کے حوالے سے  ایک موثر اور مربوط حکمت عملی پر اتفاق کیا جس کے تحت شہریوں میںآگاہی پھیلانے کے لئے بینرز ،  پینا فلیکسز مختلف جگہوں پر چسپاں کرنے ، آگاہی پمپلٹس تقسیم کرنے ، پی ٹی اے کے ذریعے شہریوں کو آگہی پیغامات بھیجنے ، پشاور شہر کے لوگوں میں قابل تحلیل تھیلوں کی تقسیم، ہیلی کاپٹر کے ذریعے آگہی لیف لیٹس پھینکنے ، قصائیوں کے ساتھ موثر رابطہ رکھنے، آئمہ کرام کی جانب سے جمعہ / عید الضحیٰ کے خطبات میںشہریوں کو آگاہی دینے اورمقامی کیبل نیٹ ورک پر آگاہی فلمیں ٹیلی کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں اے ٹی او ریلوے پشاور،ایکسین محکمہ آبپاشی اور سی سی پی او پشاور کو ڈپٹی کمشنر پشاور کے دفتر میں قائم ضلعی کنٹرول روم کے زیر نگرانی سب کنٹرول روم قائم کرنے اور دیگر ضروری ہدایات جاری کیں جبکہ اجلاس میں کینٹ بورڈ ، پی ڈی اے ، ڈبلیو ایس ایس پی ، میٹرو پولیٹین کارپوریشن اور تمام ٹی ایم ایز کے حکام کو سب کنٹرول روم قائم کرنے اور جانوروں کی آلائشوں اور فضلات کو بروقت اور محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔چیئرمین BHCC نے کمیٹی ممبران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تمام متعلقہ محکمے گزشتہ سال کی طرح رواں سال بھی ہوائی سفر کو محفوظ بنانے میں تعاون جاری رکھیں گے انہوں نے کہا کہ قومی اثاثوں اور قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔