کوئٹہ (ویب نیوز)

بلوچستان میں بارشوں سے اموات کی تعداد45 تک پہنچ گئی۔پی ڈی ایم اے نے بلوچستان میں بارشوں سے ہونے والے اب تک کے نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں کے دوران صوبے بھر میں مختلف حادثات میں جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 45 تک پہنچ گئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں 18 خواتین،11مرد اور16بچے شامل ہیں۔پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق اموات بولان،کوئٹہ،ڑوب،دکی،خصدار،کوہلو، کیچ،مستونگ،ہرنائی،قلعہ سیف اللہ اور سبی میں ہوئیں۔رپورٹ کے مطابق بارشوں کے دوران حادثات کا شکار ہوکر 47 افراد زخمی ہوئے۔مجموعی طور پر صوبے بھر میں 241 مکانات منہدم ہوئے۔ بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں ہونے والی بارش اور سیلابی ریلوں کے باعث ہرنائی پنجاب قومی شاہراہ پر ٹریفک روانی متاثر ہوگئی۔ دوسری جانب بارش کے بعد سیلابی ریلوں کے سبب ہرنائی پنجاب جانے والی قومی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند ہوگئی۔ہرنائی وگردونواح میں بارش اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی ، سیلابی ریلوں سے ہرنائی کوئٹہ شاہراہ کے دوبڑے رابطہ پلوں پلوسین ندی اور ناکس پل کو شدید نقصان پہنچایا ہے جبکہ ناکس اور گچینہ جانے والے بجلی کے کھمبے بھی سیلابی ریلے بہا کر لے گئے۔سیلاب سے ہرنائی سٹی کیلئے بنائے گئے حفاظتی بندات بھی سیلاب ریلوں کی نظر ہوگئے، کلی مرزا، کلی لعل حان حفاظتی بند جوکہ عرضی طور پر تعمیر کیاگیا سیلاب میں بہہ گیا۔چھوٹے حفاظتی بندات کی ٹوٹنے سے سیلابی پانی کلی لعل حان، کلی مرزا، اندڑآباد اور ہرنائی شہر میں داخل ہوگئے جبکہ سیلابی پانی کے گھروں اور دکانوں میں داخل ہونے سے کچے مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔