شہریوں کو بجلی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، ہائیکورٹ کا تحریری حکم

لاہور (ویب نیوز)

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کے مختلف علاقوں کو بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف درخواست پرتحریری حکم جاری کر دیا۔ عدالت نے وزارت خزانہ اور وزارت توانائی کے ذمے دار افسران کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ جسٹس محمد شان گل نے فیصلہ میں قرار دیا کہ شہریوں کو بجلی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد شان گل نے شہری رانا بلال کی تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ وکیل کے مطابق درخواستگزار بھی پاکستان کا اتنا ہی شہری ہے جتنا لاہور اور کراچی میں رہنے والے لوگ ہیں۔ وکیل کے مطابق درخواست گزار کو بھی قانونی تحفظ ہے اور بنیادی حقوق ملنے چاہئیں۔عدالتی حکم میں کہا گیا  کہ لیہ میں لالہ زار گائوں کے مکینوں کو بجلی جیسی بنیادی سہولت میسر نہیں حالانکہ گزشتہ چند برس میں پاکستان میں بظاہر ترقی ہوئی ہے۔ جسٹس شان گل نے تحریری حکم میں کہا کہ وکیل کے مطابق بجلی کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ درخواست گزار نے متعلقہ اتھارٹی سے بھی رجوع کیا لیکن کوئی اقدامات نہیں کئے گئے اور فزیبلیٹی رپورٹ تیار ہو چکی ہے لیکن اس پر عملدرآمد کے لیے معمولی سے رقم درکار ہے۔لاہور ہائیکورٹ نے حکم دیا ہے کہ آئندہ سماعت پر وزارت خزانہ اور وزارت انرجی کے افسران عدالت میں پیش ہوں۔ درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل آفتاب رحیم پیش ہوئے اور ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالتی نوٹس موصول کر لیا۔