اپنی فوج کو کبھی کمزور نہیں دیکھ سکتا ، آرمی چیف کی تقرری کبھی بھی میرا ایشو نہیں رہا، فوجی جوان میرے بچوں کی طرح ہیں

حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، سینئر صحافیوں اور تحریک انصاف کے رہنماوں سے ملاقات میں گفتگو

لاہور( ویب  نیوز)

پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے دروازے بات چیت کیلئے کھلے ہیں، آرمی چیف کی تقرری کبھی بھی میرا ایشو نہیں رہا۔  ہر ایک سے الیکشن پر بات کرنے کو تیار ہیں ، جو بھی بات کرنا چاہتا ہے تحریک انصاف کے دروازے کھلے ہیں، بات صرف الیکشن پر ہو سکتی ہے، جن کو مسلط کردیا گیا ہے ڈر ہے وہ ملک کا کیا حال کردیں گے۔حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، عوام ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، کرپٹ حکمران صرف اپنے کیسز کی فائلیں بند کر رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے سینئر صحافیوں سے ملاقات میں غیر رسمی گفتگو اور تحریک انصاف کے رہنماوں سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے اپنی نہیں بلکہ ملک کی فکر ہے، آج عوام جن مشکلات سے دوچار ہے انکے لیے آواز بلند کررہا ہوں۔ میں اپنی فوج کو کبھی کمزور نہیں دیکھ سکتا ، آرمی چیف کی تقرری کبھی بھی میرا ایشو نہیں رہا، سرحدوں پر ڈیوٹی دینے والے جوان میرے بچوں کی طرح ہیں، معیشت اور ملک کے ہر بحران کا بہتر حل الیکشن ہیں۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جو بھی بات کرنا چاہتا ہے تحریک انصاف کے دروازے کھلے ہیں لیکن بات صرف الیکشن پر ہو سکتی ہے۔جن کو مسلط کردیا گیا ہے ڈر ہے وہ ملک کا کیا حال کردیں گے۔  دوسری جانب سابق وزیراعظم  عمران خان سے سے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، حماد اظہر، میاں محمود الرشید، اعجاز چودھری نے بھی الگ سے ملاقات کی۔ پی ٹی آئی رہنماوں نے عمران خان کو ضمنی انتخاب کے بارے میں بریفنگ دی۔ عمران خان کو بتایا گیا کہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں انتظامی مداخلت جاری ہے، پولیس اور ترقیاتی اداروں کا لوٹے امیدواروں کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن کو متعدد شکایات بھیجی ہیں کوئی ایکشن نہیں ہوا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی چیئر مین نے پارٹی عہدیداران کو ڈور ٹو ڈور مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، عوام ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، 17جولائی کو عوام بلے پر مہر لگائیں گے، امپورٹڈ حکومت کی معاشی ناکامیوں نے عوام کا برا حال کر دیا ہے، کرپٹ حکمران صرف اپنے کیسز کی فائلیں بند کر رہے ہیں۔