جاری کردہ حکم نامے میں کسی بھی کالعدم تنظیموں اور افراد کو کھالیں نہ دینے کی ہدایت

کراچی (ویب نیوز)

محکمہ داخلہ سندھ  نے عید الاضحی میں کھالیں جمع کرنے کے حوالے سے حکم نامہ جاری کردیا ۔تفصیلات کے مطابق کمشنرز اور  ڈپٹی کمشنرز کی اجازت کے بغیر کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے کی اجازت پہلے سے رکھنے والوں کو دی گئی  ۔کمشنرزاور ڈپٹی کمشنر اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ صرف رجسٹرڈ خیراتی اداروں، مدارس اور فلاحی تنظیموں کو قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے کی اجازت ہے۔ جاری کردہ حکم نامے میں کسی بھی کالعدم تنظیموں اور افراد کو کھالیں نہ دینے کی ہدایت کی گئی جبکہ اگر کوئی اس میں  پایا گیا تو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔حکم نامے کے مطابق کھالیں جمع کرنے کے لیے کیمپ لگانے اور اس طرح کے مقاصد کے لیے بینرز کے استعمال پر پابندی ہے جبکہ زبردستی کھالیں جمع کرنا بھی سختی سے ممنوع ہے۔ جاری کردہ حکم نامے میں بتایا گیا کہ جمع شدہ کھالیں جمع کرنے والے کے پاس  اجازت نامہ ہوگا، کسی بھی شرط کی خلاف ورزی کرنے والوں کی کھالیں ضبط کر لی جائیں گی جو عطیہ کی جائیں گی۔سال 2022 کے لیے نئے سرے سے درخواست دینے یا لے جانے کی اجازت لینے والوں کو جمع کرنے کے لیے اپنے منصوبے کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کو تحریری طور پر مطلع کرنا ہوگا۔حکم نامے میں مزید بتایا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے حکم کی اطلاع کے تحت کارروائی کر سکتی ہیں۔