دونوں قائدین کا دو طرفہ بہترین تعلقات پراظہار اطمینان، موجودہ سیاسی و معاشی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ

وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے شیخ محمد بن زاید نے قبول کیا

اسلام آباد (ویب نیوز)

وزیراعظم شہباز شریف کا عرب امارات کے صدر اور قطری امیرکو فون،عید الاضحی کی مبارک دی، دونوں قائدین نے دو طرفہ بہترین تعلقات پراظہار اطمینان کرتے ہوئے موجودہ سیاسی و معاشی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے شیخ محمد بن زاید نے قبول کیا۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کو ٹیلی فون کیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے امیر قطر کو عید الاضحی کی مبارک دی۔  وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے برادر عوام کو بھی عید کی مبارک دی اور نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر امیر قطر نے بھی وزیر اعظم اور پاکستان کے عوام کو عید الاضحی کی مبارک اور خیرسگالی کے گرمجوش جوابی جذبات کا اظہار کیا۔ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں قائدین نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ بہترین تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ قائدین نے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ سیاسی و معاشی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں قائدین نے قریبی رابطہ استوار رکھنے اور مشترکہ مفادات کے تمام امور پر مل کر کام کرنے سے اتفاق بھی کیا۔ دونوں رہنماوں کا کہنا تھا کہ مشترک عقیدے، ہم آہنگی اور مشترکہ مفادات پر مبنی قطر اور پاکستان کے درمیان خوش گوار قریبی تعلقات استوار ہیں، قطر 2 لاکھ پاکستانیوں کا مسکن ہے جو قطر کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر تہہ دل سے مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعظم نے یو اے ای کے برادر لوگوں کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے باہمی عزم کا اعادہ کیا۔ یو اے ای کے صدر نے وزیراعظم کی جانب سے مبارکباد کا جواب دیا اور اس موقع پر پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے شیخ محمد بن زاید نے بڑی خوشی سے قبول کیا۔