چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ایک نامعلوم نمبر سے دھمکیاں دی جارہی ہیں اور خوفزدہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں خوشاب میں بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ٹیلیفون کل جس کا نمبر نہیں آتا وہاں سے دھمکیاں دی جارہی ہیں اور خوفزدہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، لاہور میں بیٹھے ایک آدمی کا مشن ہے کہ کسی نہ کسی طرح چوروں کو الیکشن جتوا دیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ صحافیوں، سیاستدانوں میں خوف طاری کررہے ہیں ،دہشت پھیلا رہے ہیں، لیکن کان کھول کر سن لو ہم وہ لوگ ہیں جو کسی صورت امریکا کی غلامی نہیں کریں گے، یہ الیکشن نہیں بلکہ پاکستان کی حقیقی آزادی کی جنگ ہے، ایک ایک نوجوان نے ذمے داری لینی ہے، شریف برادران اور ان کے بچوں نے کبھی کوئی چیز ایمانداری سے نہیں کی، بزنس میں کرپشن، الیکشن میں دھاندلی ،عدالتوں میں جھوٹ بولتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خوشاب کے باشعور شہریوں نے وعدہ کرنا ہے کہ انہوں نے یہاں ایک لوٹا اور ایک لوٹی کو شکست دینی ہے، آپ سب نے ان کو شکست دینے کی ذمے داری لینی ہے، کیونکہ یہ لوگ اپنے ضمیر کا سودا کرتے ہیں اور ضمیر کی قیمت لگوا کر قوم ،آئین اور دین سے غداری کرتے ہیں، یہ صرف عمران خان کی نہیں بلکہ آپ سب کی جنگ ہے آپ نے ہر پولنگ اسٹیشن پر 10 تگڑے اور دلیر نوجوان نگرانی کیلئے رکھنے ہیں، ہر پولنگ اسٹیشن کا پہرا دینا ہے اور ان کی دھاندلی کی تمام کوششوں کو ناکام بنانا ہے، دھاندلی کے باوجود 17 جولائی کو نتیجہ آئے گا تو انشا اللہ تعالیٰ جیت ہماری ہوگی میرا آپ سب کو پیغام ہے کہ سب سے بلے کے نشان پر ہی مہر لگانی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ یہاں بھینس اور گاڑی چور تو جیل میں چلے جاتے ہیں لیکن جن بڑے بڑے ڈاکوؤں نے ملک کا اربوں روپیہ چوری کیا انہیں ہمارے اوپر بٹھا کر 22 کروڑ لوگوں کی توہین کی گئی، جہاں چھوٹے چوروں کو جیل میں ڈالا اور بڑے ڈاکوؤں کو این آر او دیا جائے تو وہ ملک اور قوم تباہ ہوجاتے ہیں، ملک کی کامیابی کیلئے سب سے بڑا اصول اللہ تعالیٰ کا بنایا ہوا نظام انصاف ہے، آج شہبازشریف جیسا کرپٹ، نوازشریف جیسا بھگوڑا اور زرداری جیسی بیماری ملک لوٹ رہے ہیں، فضل الرحمان بات اسلام کی کرتا ہے اور ضمیر ڈیزل کے پرمٹ پر بیچ دیتا ہے، سازش سے جوتے پالش کرنےوالے کو ہمارا سربراہ بنادیا گیا لیکن قوم ان لوگوں کو کبھی تسلیم نہیں کرے گی۔