اسلام آباد (ویب نیوز)

وزیر اعظم شہباز شریف نے کوئٹہ میں شہید ہونے والے کرنل لئیق بیگ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کرنل لئیق شہید کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، دہشت گردوں کو عبرت کی مثال بنائیں گے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ فوج کے افسران اور جوانوں کی مادر وطن کے لیے عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، دہشت گردی کا خاتمہ قومی عزم ہے، پوری قوم اس پر یکسو ہے۔انہوں نے کہا کہ کرنل لئیق بیگ شہید کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالی شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔خیال رہے کہ کوئٹہ میں تعینات کرنل لئیق کو زیارت سے واپسی کے دوران دہشت گردوں نے اغوا کرلیا تھا، ان کی بازیابی کے لیے کیے جانے والے آپریشن میں دہشت گردوں نے انہیں گولی مار دی جبکہ 2 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔