صدر مملکت کا وزیراعظم کو خط،متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہراسیت و جسمانی تشدد کے حوالے سے صحافیوں کے خدشات دور کرنے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت
آئین ریاست کو شہریوں کو مناسب حقوق اور تحفظ فراہم کرنے کا پابند بناتا ہے،صدر عارف علوی
اسلام آباد (ویب نیوز)
صدر مملکت کا وزیراعظم کو خط،متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہراسیت و جسمانی تشدد کے حوالے سے صحافیوں کے خدشات دور کرنے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت ، صدرمملکت نے کہا کہ آئین ریاست کو شہریوں کو مناسب حقوق اور تحفظ فراہم کرنے کا پابند بناتا ہے۔ ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایک اور خط لکھا ہے جس میں وزیراعظم سے کہا گیا ہے کہ وہ ہراسانی و جسمانی تشدد کے واقعات کے حوالے سے صحافیوں اور میڈیا پرسنز کے خدشات اور شکایات کو دور کرنے کے لیے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کریں۔ صدر مملکت نے معروف اینکر پرسن ارشد شریف کی طرف سے موصول ہونے والا ایک خط بھی ساتھ منسلک کیا ہے جس میں انہوں نے چند نامور صحافیوں اور مختلف ذرائع سے اکھٹی کی گئی معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے صدر کی توجہ ہراسانی کے واقعات کی طرف مبذول کرائی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک کا آئین ریاست کو شہریوں کو مناسب حقوق اور تحفظ فراہم کرنے کا پابند بناتا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ ایسا کرنے کی کوشش کی ہے لیکن صحافیوں اور میڈیا پرسنز پر دباو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے منصفانہ تنقید، اظہار رائے کی آزادی اور پھر خود جمہوریت کے لئے خطرے کا باعث ہے۔ صدر مملکت کو لکھے گئے خط میں، ارشد شریف نے الزام لگایا تھا کہ کچھ عناصر کی جانب سے ان کی جان کو خطرہ لاحق ہے، انہوں نے صدر مملکت سے پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 4، 9، 10 اے، 14، 18، 19 اور 19 اے کے تحت حاصل ان کے بنیادی حقوق کا تحفظ فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔