انسانی سمگلنگ کے خلاف جنگ میں پاکستان اہم اقدامات کر رہا ہے،رپورٹ

اسلام آباد (ویب نیوز)

امریکا نے پاکستان کو انسانی سمگلنگ کی واچ لسٹ سے خارج کردیا۔ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے پاکستان کا سٹیٹس بہتر کردیا۔ امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے ٹریفکنگ ان پرسن کی سالانہ رپورٹ 2022میں پاکستان کی درجہ بندی میں نظر ثانی کی ہے۔ پاکستان کو انسانی سمگلنگ کی روک تھام کا ریکارڈ بہتر نہ ہونے پر 2018میں واچ لسٹ میں رکھا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق نامناسب اقدامات کے باعث پاکستان کو مسلسل 2سال تک درجہ دوم کی واچ لسٹ میں رکھا گیا۔امریکا نے سال 2020 کی اپنی سمگلنگ ان پرسنز رپورٹ میں پاکستان کا درجہ کم کرتے ہوئے اسے ٹیئر 2سے ٹائیر 2واچ لسٹ میں شامل کردیا تھا جبکہ رپورٹ میں تسلیم کیا گیا کہ انسانی سمگلنگ کے خلاف جنگ میں پاکستان اہم اقدامات کر رہا ہے۔ٹی آئی پی رپورٹ کو ٹائیر ایک، ٹیئر 2، ٹائیر 2واچ لسٹ اور ٹائیر 3 میں تقسیم کیا گیا ہے۔ٹائیر 2واچ لسٹ والے ممالک وہ ہیں جن کی حکومتیں ٹریفکنگ متاثرین سے تحفظ کے ایکٹ (ٹی وی پی اے)کے کم سے کم معیارات پر پورا اترتی ہیں تاہم خود کو ان معیارات کی تعمیل میں لانے کے لیے اہم کوششیں کر رہی ہیں مگر اس کے باوجود سمگلنگ کے متاثرین کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔