پنجاب اسمبلی کے ایوان کی اکثریت عمران خان اور پرویز الہی کے ساتھ کھڑی ہے، عوام نے ہمارے حق میں فیصلہ دیا ہے

حکمران اتحاد ہماری اکثریت تسلیم نہیں کر رہا، مریم بی بی نے کھلے دل سے شکست تسلیم کرنے کا بیان دیا، پھر یہ ہتھکنڈے کیوں؟پریس کانفرنس

لاہور (ویب نیوز)

تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی اہم مشترکہ بیٹھک، وزیراعلیٰ کیلئے نمبر پورے ہونے کا دعویٰ، وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے ایوان کی اکثریت عمران خان اور ان کے نامزد امیدوار پرویز الہی کے ساتھ کھڑی ہے، عوام نے عمران خان کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔حکمران اتحاد ہماری اکثریت تسلیم نہیں کر رہا،  مریم بی بی نے کھلے دل سے شکست تسلیم کرنے کا بیان دیا، پھر یہ ہتھکنڈے کیوں؟ ہمارے ارکان کو کون غائب کرے گا؟ کیوں غائب ہوں گے، رانا ثنا اللہ کا بیان بہت افسوسناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کا اہم مشترکا پارلیمانی اجلاس ہوا۔ وائس چیئرمین تحریک انصاف  شاہ محمود قریشی نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں پی ٹی آئی اور ق لیگ کے اراکینِ صوبائی اسمبلی شریک ہوئے۔  اجلاس سے قبل شاہ محمود قریشی اور اسپیکر اسمبلی چوہدری پرویز الہی کی ملاقات بھی ہوئی۔ سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ ، میاں محمود الرشید اور میاں اسلم اقبال ملاقات میں موجود تھے۔ ساجد احمد خان بھٹی، مراد راس، وسیم بادوزئی، حافظ عمار یاسر اور محسن لغاری، نو منتخب اراکین اسمبلی زین قریشی، عامر اقبال شاہ، سیف الدین کھوسہ، میجر ریٹائرڈ غلام سرور  اور شبیر گجر بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر چوہدری پرویز الہی نے نمبرز گیم سے متعلق پی ٹی آئی قیادت کو اعتماد میں لیا۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے پرویز الہی نے بتایا کہ  الحمد اللہ پی ٹی آئی اور ق لیگ کے پاس اکثریت ہے، ارکان اسمبلی کو اغوا یا حراساں کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔  معاملہ اعلی عدلیہ کے پاس لے کرگئے ہیں۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عوام نے فیصلہ عمران خان کے حق میں سنایا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے ایوان کی اکثریت عمران خان اور ان کے نامزد امیدوار پرویز الہی کے ساتھ کھڑی ہے۔ اجلاس کے بعد پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پنجاب کے عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا، ہمیں عددی اکثریت حاصل ہے، ہمیں 188 ارکان کی حمایت حاصل ہے، حکمران اتحاد ہماری اکثریت تسلیم نہیں کر رہا۔  چوہدری پرویز الہی ہمارے امیدوار ہیں، انشا اللہ کامیاب ہوں گے، ہمیں افسوس ہے کہ انتظامیہ نے 25 مئی کو افسوسناک رویہ اپنایا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ انتظامیہ اب وہ رویہ نہیں اپنائے گی، امید ہے وزیر اعلی کے انتخاب کا مرحلہ آئینی طریقے سے حل ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ مریم بی بی نے کھلے دل سے شکست تسلیم کرنے کا بیان دیا، اگر کھلے دل سے شکست تسلیم کی گئی ہے تو پھر یہ ہتھکنڈے کیوں؟ شاہ محمود قریشی نے  کہا کہ سندھ کی گورننس کا موازنہ کیا جائے تو پنجاب کی ہماری کارکردگی بہتر نظر آئے گی۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ  ان کا ایجنڈا پاکستان نہیں، اپنی کرسی اور مفادات ہیں، آصف زرداری کے مشوروں پر چلتے ہوئے یہ نوبت آئی ہے، یہ لوگ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے نہیں آئے۔