بلوچستان اور چترال میں بارشوں سے تباہی،10گھرتباہ

 ژوب ڈی آئی خان زیر تعمیر سی پیک روٹ کے کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ، ٹریفک روانی متاثر

چترال میں رابطہ پل بھی بہہ گئے،لوگوں کو شدید مشکلات ،پشاور میں کئی مقامات پر پانچ جمع ہو گیا

پشاور/کوئٹہ / کراچی (ویب نیوز)

بلوچستان میں شدید بارشوں کے باعث پہاڑی ندیوں میں نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ چترال میں برساتی نالوں میں طغیانی نے تباہی مچادی جس سے 10سے زائد گھر مکمل تباہ ہوگئے۔کوہ سلیمان کے پہاڑوں سے آنے والے سیلابی ریلے اور آبشاروں سے شاہراہ متاثر ہوگئی۔ ژوب ڈی آئی خان زیر تعمیر سی پیک روٹ کے کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی،بارش سے وڈھ میں قومی شاہراہ پر پھنسے سیکڑوں مسافروں کو مشکلات کا سامنا رہا ۔دوسری جانب چترال میں برساتی نالوں میں طغیانی نے تباہی مچادی جس سے 10سے زائد گھر مکمل تباہ ہوگئے۔طغیانی کے باعث کئی جگہوں پر رابطہ پل بھی بہہ گئے۔دوسری جانب پشاور میں بارش کے باعث کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

 

کراچی ، بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی

قائم مقام گورنرسندھ آغا سراج درانی کا بارشوں کے دوران قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر اظہارِ افسوس

 کراچی میں بارش کے دوران24گھنٹے میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق افراد کی تعداد6ہو گئی ۔کراچی میں مون سون کے تیسرے طاقتورسپیل کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے6افراد جاں بحق ہوگئے۔کراچی کے علاقے  لیاری میں نعمان مسجد کے قریب بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔سائٹ ایریا حبیب بینک چورنگی کے قریب کمپنی میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے مزدور جاں بحق ہو گیا۔گزشتہ روز لیاقت آباد پانچ نمبر پر گھر کے باہر 17 سالہ نوجوان ضیا کرنٹ لگنے سے جان سے گیا۔سرجانی تیسر ٹائون میں کرنٹ لگنے سے 30سالہ شخص جاں بحق ہوگیا ۔تیسر ٹائون سیکٹر35 سی میں بھی کرنٹ لگنے سے21 سالہ وقار جاں بحق ہو گیا۔لی مارکیٹ کے قریب گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے40 سالہ شان حسین جاں بحق ہوگیا۔قائم مقام گورنرسندھ آغا سراج درانی نے بارشوں کے دوران قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ عوام گھروں میں رہیں۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ بارشوں کا سلسلہ (آج ) 26 جولائی تک برقرار رہے گا۔