شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کیلئے پولیس کی نظر ثانی اپیل بھی مسترد

ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹرنے نظرثانی اپیل قابل سماعت ہونے پر مختلف عدالتوں کے حوالے دیے تاہم عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیدی

اسلام آباد(ویب نیوز)

پولیس نے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرنے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کی تھی جو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے خارج کردی۔تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کو اسلام آباد کی مقامی عدالت کے جج عمر شبیر کے سامنے پیش کیا گیا۔ شہباز گل کو تھانہ کوہسار کی پولیس نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے روبرو پیش کیا۔دلائل کے آغاز میں پولیس حکام کی جانب سے ایک بار پھر شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ ایک موبائل  فون گاڑی میں رہ گیا تھا، دوسرا شہباز گل کے پاس تھا، آڈیو پروگرام کی سی ڈی حاصل کرلی جو میچ کرگئی ہے۔ عدالت نے تفتیشی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے تحریری حکم نامے میں کہا کہ ملزم پہلے ہی اعتراف کرچکا کہ اس کا موبائل ڈرائیور کے پاس ہے، پولیس نے ڈرائیور اور اہل خانہ کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ صرف موبائل برآمدگی کیلئے مزید جسمانی ریمانڈ مانگنا درست نہیں۔ عدالت نے شہباز گل کو جوڈیشل ریمانڈ کیلئے جیل منتقل کرنے کا حکم دیا تو کچھ ہی دیر بعد اسلام آباد پولیس نے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرنے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کردی۔ پولیس کی جانب سے نظرثانی کی اپیل پراسیکیوٹر رانا حسن عباس نے دائر کی، جس میں موقف  اختیارکیا گیا ہے کہ ملزم شہباز گل سے مزید تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ درکار ہے، جوڈیشل مجسٹریٹ کا حکم نامہ معطل کرکے شہباز  گل کا مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ پراسیکیوٹررانا حسن عباس نے عدالت سے استدعا کی کہ ایڈووکیٹ جنرل خود آرہے ہیں، سماعت میں وقفہ کیا جائے جس کے بعد عدالت نے سماعت میں آدھے گھنٹے کا وقفہ کیا۔ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹرنے کہا کہ جوڈیشل آرڈر ہے یا ایڈمنسٹریٹو آرڈرہے اس کو عدالت نے دیکھنا ہے۔ جس پرعدالت نے کہا کہ ایڈوکیٹ جنرل صاحب آپ کی پوزیشن نیوٹرل کی ہے۔ایڈووکیٹ جنرل کی ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹرکو روکنے کی کوشش کے دوران عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کو ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کو دلائل دینے سے روکنے سے روک دیا۔ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹرنے نظرثانی اپیل قابل سماعت ہونے پردلائل کا آغازکیا جس میں انھوں نے نظرثانی اپیل قابل سماعت ہونے پرمختلف عدالتوں کے حوالے دیے۔عدالت نے ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کے دلائل سننے کے بعد رہنما تحریک انصاف شہبازگل کیس کا فیصلہ محفوظ کیا ۔ ایڈیشنل سیشن جج عدنان خان نے پولیس کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کیخلاف نظر ثانی اپیل ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی۔واضح رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے پولیس کی جانب سے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ میں 11 روز کی توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔