• آئل ٹینکر اور بس کو آگ لگ گئی، جلتی بس سے 9 مسافروں کو باحفاظت نکال لیا ، لاشیں اور زخمی ہسپتالوں میںمنتقل کر دیئے
  • گئے، ترجمان موٹروے
  • متاثر بس کے22 مسافروں کا تعلق کراچی،2 کاحیدرآباد سے تھا،حادثہ رات 2 بجے بس ڈرائیور کی مبینہ غلطی کے باعث پیش آیا
  • حادثے میں بس کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر بھی جاں بحق ہوگئے، آئل ٹینکر کا ڈرائیور اور کلینر جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے
  • صدر اور وزیر اعظم موٹروے ایم 5پر ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار
  • صدر مملکت اور وزیر اعظم نے انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین علاج کی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا
  •  وفاقی وزیر مواصلات نے آئی جی موٹروے سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ،مسافروں اور زخمیوں کو فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایت
  • وزیراعلیٰ پنجاب، اسپیکر قومی اسمبلی کی حادثے میں ہلاکتوں پر اظہار افسوس ، متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور زخمیوں کے لیے صحتیابی کی دعا
  • زخمیو ں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں، کمشنر ملتان سے رپورٹ طلب، ہر پہلو سے انکوائری کرکے غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے،پرویز الہی

ملتان /لاہور (ویب نیوز)

ملتان سکھر موٹروے ایم 5 پر بہاولپور کے قریب لاہور سے کراچی جانے والی سلیپر بس اور آئل ٹینکر میں خوفناک تصادم کے بعد آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں کم از کم 20  مسافرجھلس کرجاں بحق اور6 زخمی ہوئے ،حادثے کے مقام پر موٹروے ایم 5 کئی گھنٹے بند رہی۔ امدادی ٹیموں کے مطابق مسافر بس لاہور سے کراچی جا رہی تھی کہ پیچھے سے آتی بس نے ائل ٹینکر کو عقبی سمت سے ٹکر ماری۔ حادثے کے بعد بس اور آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی، جس سے زیادہ جانی نقصان ہوا۔ حادثے دوران بیس مسافر موقع پر جھلس کر جاں بحق ہوگئے، جب کہ چھ زخمیوں کو ملتان کے نشتر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی نشتر اسپتال اور جلال پور کے طبی مراکز پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ اسپتال ذرائع کے مطابق حادثے کے تین زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے اور ان کے جسم کا 80 فیصد حصہ جھلس گیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق متاثر بس کے بائیس مسافروں کا تعلق کراچی جبکہ دو مسافروں کا تعلق حیدرآباد سے تھا۔ حادثہ رات 2 بجے پیش آیا۔ حادثہ بس ڈرائیور کی مبینہ غلطی کے باعث پیش آیا، بس ڈرائیور کو دوران ڈرائیونگ نیند آنے کی وجہ سے حادثہ رونما ہوا اور وہ آگے چلتے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ رپورٹس کے مطابق مسافر بس میں 24 مسافر سوار تھے۔ حادثے میں بس کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر بھی جاں بحق ہوگئے، جب کہ بس اور آئل ٹینکر کی ٹکر کے بعد آئل ٹینکر کا ڈرائیور اور کلینر جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کے افسران فوری موقع پر پہنچ گئے۔ مقامی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی موقع پر موجود تھیں۔ آگ اس قدر شدید اور خوفناک تھی کہ دور سے دکھائی دے رہی تھی۔ ترجمان موٹروے کے مطابق جلتی ہوئی گاڑیوں سے بیشتر مسافروں کو زندہ نکالا گیا اور انہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ امدادی ٹیموں کو آگ بجھانے میں کئی گھنٹے لگے۔ ترجمان کے مطابق آئی جی خالد محمود کی ہدایات پر موٹروے پولیس نے ایمرجنسی کرائسز سینٹر بنا دیا ہے۔ ہنگامی کارروائی کے دوران ڈی آئی جی شاہد جواد موقع پر موجود تھے۔ موٹروے پولیس نے جلتی بس سے 9 مسافروں کو باحفاظت نکال لیا تھا،پولیس نے ڈیڈ باڈیز اور زخمیوں کو نزدیک کے اسپتال پہنچایا۔ملتان کے ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے ایک بیان میں واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ موٹر وے پر جلال پور پیر والا انٹر چینج پر لاہور سے کراچی جانے والی مسافر بس ایک آئل ٹینکر سے عقب سے جا ٹکرائی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ تصادم کے بعد آگ بھڑک اٹھی اور 20 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شدید زخمیوں کو نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ نشتر ہسپتال اور جلالپور کے طبی مراکز پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

لاہور سے رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس 2009 ماڈل کی تھی جو ڈائیوو کمپنی کے تحت چلتی تھی۔ سلیپر بس لاہور سے کراچی کیلئے رات 9 بجے روانہ ہوئی۔ کمپنی ذرائع کے مطابق بس میں دو ڈرائیور سوار تھے۔ تمام اسٹاف نے سکھر میں تبدیل ہونا تھا۔ بس میں کل 24 مسافر سوار تھے جن میں سے دو مسافروں نے حیدرآباد اترنا تھا جبکہ 22 مسافروں نے کراچی جانا تھا۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق حادثے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ اتنی شدید تھی کہ کئی میل دور سے شعلے بلند ہوتے دکھائی دے رہے تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہی نے ملتان موٹروے ایم فائیو پر ٹریفک حادثے میں ہلاکتوں پر اظہار افسوس کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، وزیراعلی پنجاب نے انتظامیہ کوہدایت دی ہیں کہ زخمیو ں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں، وزیراعلی پنجاب پرویز الہی نے کمشنر ملتان سے حادثے سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ہر پہلو سے انکوائری کرکے غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے ملتان میں جلال پور انٹرچینج کے قریب بس اور ٹینکر میں تصادم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور  زخمیوں کے لیے صحتیابی کی دعا کی ہے۔

 مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف نے جلال پور پیروالا انٹرچینج، موٹروے ایم 5پر مسافر بس اورآئل ٹینکر کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں 20قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔ جبکہ صدر مملکت اور وزیر اعظم نے انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین علاج کی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جلال پور، موٹروے ایم 5 پر ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کیلئے بلندی درجات کی دعا کی ہے۔ جبکہ صدر مملکت نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور ان کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی ہے۔ صدر مملکت نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جائے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ایسے حادثات سے بچنے کے لیے موثر اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد اور ٹریفک قوانین کی پاسداری ایسے حادثات سے بچنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ جبکہ وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ جلال پور پیر والا انٹر چینج پر ہونے والا آئل ٹینکر کا حادثہ نہایت ہی افسوناک ہے ۔ حادثے میں 20 قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھی اور رنجیدہ ہوں۔ میری دعائیں غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔جبکہ وفاقی وزیر برائے مواصلات مولانا اسعد محمود کا ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ملتان ایم 5  موٹورے پر بس اور ٹینکر کے درمیان تصادم کا سن کر بے حد افسوس ہوا،متاثرہ خاندانوں سے سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں، آئی جی موٹروے سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے اور آئی جی موٹروے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ مسافروں اور زخمیوں کو فوران امداد فراہم کی جائے۔