اسلام آباد (ویب نیوز)

وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات میں سوالات کے جواب کے لئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سیکرٹری جنرل اسد عمر کو دوبارہ نوٹس بھیجوانے کا فیصلہ کرلیا۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق 3دفعہ نوٹس بھجوانے کے بعد تعاون نہ کرنے کی صورت میں دونوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں گے۔ایف آئی اے تحقیقات میں پیش رفت بھی ہوئی ہے اور بیرون ملک پاکستان تحریک انصاف کو فنڈنگ کرنے والی مزید 5 کمپنیوں کا سراغ لگایا گیا ہے، پانچوں کمپنیوں کا الیکشن کمیشن اور ایف بی آر میں جمع کرائے گئے گوشواروں میں ذکر نہیں ہے۔یہ کمپنیاں امریکا، انگلینڈ، آسٹریلیا، بیلجیئم اور کینیڈا میں سامنے آئی ہیں، جن میں سے کچھ بند ہوگئی ہیں اور کچھ اب بھی فعال ہیں۔ ایف آئی اے نے بند ہونے والی کمپنیوں کی آڈٹ رپورٹس منگوالی ہیں۔