ٹماٹر 41اورپیاز کی قیمت 40 روپے فی کلوبڑھ گئی، مہنگائی کی شرح میں 0.94 فیصد اضافہ ریکارڈ

ایک ہفتے میں 20 اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ،مہنگائی کی مجموعی شرح30.62 فیصد تک پہنچ گئی،ادارہ شماریات

اسلام آباد (ویب نیوز)

ملک میں مہنگائی مزید بڑھ گئی۔ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.94 فیصد کا اضافہ ریکارڈ۔ مہنگائی کی مجموعی شرح30.62 فیصد تک پہنچ گئی۔ ایک ہفتے میں 20 اشیا ضروریہ مزید مہنگی ہو گئیں۔ ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعدادوشمار جاری کر دیے۔ جس کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.94 کا فیصد کا اضافہ ہو گیا۔ مہنگائی کی مجموعی شرح30.62 فیصد تک پہنچ گئی۔ ایک ہفتے میں 20 اشیا ضروریہ مزید مہنگی ہو گئیں۔ گزشتہ ہفتے پیاز کی فی کلو قیمت میں 40 روپے 13 پیسے، ٹماٹر کی فی کلو قیمت 41 روپے 11 پیسے جبکہ 190 گرام چائے کی قیمت میں 8 روپے 35 پیسے کا اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق دال چنا فی کلو 81 پیسے اور دال مونگ فی کلو ایک روپیہ مہنگی ہو گئی۔ زندہ مرغی کی قیمت میں بھی ایک روپے 85 پیسے کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ایک ہفتے کے دوران صابن ،دودھ ،دہی ،مٹن ،انڈے اور چاول بھی مہنگے ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے 10 اشیا کی قیمتوں میں کمی جبکہ 21 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 119 روپے 63 پیسے سستا ہوا۔ آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 48 روپے 55 پیسے،گھی کی فی کلو قیمت میں 64 پیسے جبکہ دال مسور کی فی کلو قیمت میں 5 روپے کی کمی واقع ہوئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چینی ،کیلے، لہسن اور آلو کی قیمت میں بھی کمی آئی۔