پیغام واضح ہے کہ پاک فوج کسی ملک، گروپ یاجتھے کوملک غیر مستحکم کرنے نہیں دے گی

جنرل قمرجاوید باجوہ کا ملٹری اکیڈمی کاکول میں 146 ویں پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب

کاکول  (ویب نیوز)

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے،امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ،پیغام واضح ہے کہ پاک فوج کسی ملک، گروپ یاجتھے کوملک غیر مستحکم کرنے نہیں دے گی۔ملٹری اکیڈمی کاکول (پی ایم اے)میں 146 ویں پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاسنگ آئوٹ پریڈ میں شرکت میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے اور میں اس موقع پر گریجیوٹ ہونے والے تمام کیڈٹس اور ان کے اہلخانہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جبکہ میں برادر ممالک کے کیڈٹس کو بھی پاکستان ملٹری اکیڈمی میں ملٹری ٹریننگ کی تکمیل پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس شاندار ادارے سے گریجویٹ ہونا بہت اعزاز اور فخر کی بات ہے، آج میں یہ فخر آپ کے روشن و تابندہ چہروں پر دیکھ سکتا ہوں جیسے کہ یہ چمک میں یہاں بیٹھے آپ کے پیاروں کے شہروں پر بھی دیکھ سکتا ہوں، بے مثال محنت کرنے پر آپ اس کے مستحق ہیں جبکہ اہلخانہ بھی جنہوں نے ٹریننگ کے دوران صبر سے کام لیتے ہوئے آپ کی مسلسل حمایت جاری رکھی، پاس آئو ٹ ہونے والے کیڈٹس کو  فخر ہونا چاہیے کہ آپ اس عظیم فوج کا حصہ بننے جا رہے ہیں، اس ادارے سے پاس آئوٹ ہونا بڑے فخر کی بات  ہے جس کی روایتی اور غیر روایتی دونوں ہی میدانوں میں کامیاب مہمات کی ایک طویل فہرست ہے۔ 146ویں لانگ کورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کامعائنہ کرنا باعث فخرہے۔آرمی چیف نے کہا کہ ہ فوج نے پاکستان کو دہشتگردی سے نجات دلانے کے لیے بہت بڑی قربانیاں دی ہیں، پاس آئوٹ ہونے والے کیڈٹس کو بھی ملکی سالمیت کے لیے قربانیاں دینا ہوں گی،بہترین فوج کا حصہ بننے کے لیے کارکردگی پرتوجہ دینی ہوتی ہے ، پاکستان آرمی نے پچھلی دو دہائیوں میں دہشت گردی کی لعنت کے سیلاب کا رخ کامیابی سے موڑ دیا اور اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ منظم دہشت گردی کو پاکستان سے ہمیشہ کے لیے جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور ہمسائیوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے ، ہمسایوں کے ساتھ تمام مسائل پرامن طور پر حل کرنے کے خواہاں ہیں۔انہوںنے کہا کہ کسی بھی فیک نیوز اور پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں، ملک کی حفاظت مضبوط ہاتھوں میں ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جمہوری اداروں کا احترم کریں، ہم سب کو ملکروطن عزیز کو غربت اور دیگر چیلنجز سے نکالنا ہوگا، ہم سب کو ملکر معیشت کی بحالی کے لیے کام کرنا ہوگا، خطے کو دوطرفہ مسائل بات چیت سے حل کرنے پر زوردینا چاہیے، پیغام واضح ہے کہ پاک فوج کسی ملک، گروپ یاجتھے کوملک غیر مستحکم کرنے نہیں دے گی۔قبل ازیں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول ایبٹ آباد میں 146 ویں لانگ کورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کا اہتمام کیا گیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔پاسنگ آئوٹ پریڈ کے آغاز میں پریڈ ایڈجوٹینٹ میجر سعد امجد راجا براق پر سوار نظر آئے جنہوں نے تقریب کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو پریڈ کے معائنے کی دعوت دی، اس موقع پر پی ایم اے کاکول کے کمانڈنٹ میجر جنرل عمر احمد بخاری بھی آرمی چیف کے ہمراہ موجود تھے۔پاسنگ آئوٹ پریڈ کے موقع پر اعلیٰ سول اور فوجی حکام سمیت غیرملکی سفارت کاروں نے شرکت کی، پاس آئوٹ ہونے والوں میں 24 ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے کیڈٹس شامل ہیں جبکہ 65 ویں انٹیگریٹڈ کورس کے کیڈٹس بھی اس پاسنگ آئوٹ کا حصہ ہیں، پاس آئوٹ ہونے والوں میں 20 ویں لیڈی کورس اور پانچویں بیسک ملٹری ٹریننگ کورس کے کیڈٹس بھی شامل تھے۔پی ایم اے کاکول کی پاسنگ آئوٹ پریڈ میں بہترین کارکردگی پر 146 ویں پی ایم اے لانگ کورس کے کیڈٹس کو اعزازی شمشیر دی گئی، طلائی تمغہ 146 ویں پی ایم اے لانگ کورس کے نمبر 2 کیڈٹس کو دیا گیا۔چیئرمین جوائنٹس چیف آف سٹاف کمیٹی اوور سیز گولڈ میڈل دوست ممالک کے بہترین کیڈٹس کو دیا گیا، پاسنگ آئوٹ پریڈ میں 4 خواتین سمیت 20غیر ملکی کیڈس شامل تھے، غیر ملکی کیڈس کا تعلق قطر، سری لنکا، نیپال عراق سے ہے۔