ڈینگی کے وار مزید تیز، ملک بھر میں کیسزکی تعداد بڑھنے لگی

 سندھ 351،خیبرپختونخوا 254 اور بلوچستان میں 343 نئے کیسز رپورٹ

کراچی ،پشاور( ویب  نیوز)

ملک بھر میں ڈینگی کے وار جاری ہیں جس کے باعث روز بروز ڈینگی کیسز میں مزید اضافہ ہونے لگا ۔ملک بھر میں ڈینگی کی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جارہی جس کے پیش نظر یومیہ ہزاروں کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔محکمہ صحت سندھ کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ سندھ میں ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد 43 ہوگئی ہے جن میں سے 39کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں میں سندھ بھر میں 351کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 247کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ ضلع شرقی میں 83 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ضلع وسطی 48، ضلع کورنگی 41 کیسز، ضلع جنوبی 45، ضلع ملیر 17، ضلع کیماڑی 8 اور ضلع غربی 5کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ رواں سال کراچی میں ڈینگی سے 39 افراد اور حیدرآباد میں 2 اور میرپور خاص میں 1 اور سانگھڑ میں 1 شخص جان کی بازی ہارا ہے۔محکمہ صحت سندھ نے مزید بتایا کہ یکم اکتوبر تا آج تک کراچی میں 2 ہزار 193 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ماہ اگست میں کراچی بھر میں 1265 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔دوسری جانب پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے حملے جاری ہیں، صوبے میں ڈینگی بخار سے جاں بحق افراد کی تعداد9ہوگئی۔محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے میں ڈینگی کے مزید 254 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ صوبے میں ڈینگی کیسزکی تعداد 11 ہزار 613 ہوگئی۔محکمہ صحت نے مزید بتایا کہ پشاور میں مجموعی کیسز کی تعداد 4 ہزار  ہوگئی ہے جبکہ مردان میں 2 ہزار 652 تک پہنچ گئی ہے۔صوبہ بلوچستان کی بات کی جائے تو وہاں بھی ڈینگی وار جاری ہیں، صوبے میں ڈینگی کیسز 3 ہزار 948 ہوگئے ہیں۔محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں 221 لسبیلہ سے، کیچ سے 107، گوادر سے 17کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ بلوچستان سے ڈینگی کے سب سے زیادہ کیسز رواں سال سامنے آئے۔ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی کے مریض سامنے آنے پر ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔گزشتہ روز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرلر رضوان نذیر کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں ٹرینوں اور بسوں میں خصوصی ڈینگی سپرے اور لاروا تلفی مہم کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ضلع بھر میں ڈینگی لاورے کی تلفی کے اقدامات میں مزید تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ڈپٹی کمشنر نے ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر مقدمہ درج اور گرفتار کرنے کا حکم بھی دے دیا۔رضوان نذیر نے کہا کہ ڈینگی کیس سامنے آنے پر محکمہ صحت کے متعلقہ فیلڈ افسر کے خلاف محکمانہ کاروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر آفس میں خصوصی ڈینگی کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا .