عدالت کا شریک ملزمان طارق شفیع اور فیصل مقبول کو پانچ روز میں شامل تفتیش ہونے کا حکم ،دونوں کی حفاظتی ضمانت میں دوہفتے کی توسیع کردی

اسلام آباد (ویب نیوز)

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے پاکستان تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ کے معاملہ پر فارن ایکس چینج ایکٹ کی خلاف ورزی کے تحت مقدمہ کا دائرہ اختیار طے کردیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان اور دیگر ملزمان کے خلاف بینکنگ کورٹ میں کیس سنا جائے گا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ممنوعہ فنڈنگ پر فارن ایکسچینج ایکٹ مقدمے کی سماعت ہوئی۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے کہا کہ عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق معاملہ زیر التوا ہے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ پہلے یہ طے کرلیتے ہیں کہ دائرہ اختیار کیا بنتا ہے۔طارق شفیع کے وکیل نے کہا کہ یہ بنکنگ کورٹ کا دائرہ کار بنتا ہے، جو الزامات ہیں اور دفعات ہیں وہ بینکنگ کورٹ کی ہیں۔عدالت نے کیس میں شریک ملزمان طارق شفیع اور فیصل مقبول کو پانچ روز میں شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔ جبکہ عدالت نے طارق شفیع اور فیصل شفیع کی حفاظتی ضمانت میں دوہفتے کی توسیع کردی ہے۔ عدالت نے قراردیا ہے کہ ملزمان شامل تفتیش ہو جائیں اور بینکنگ کورٹ سے رجوع کریں۔ دوران سماعت جسٹس محسن اخترکیانی نے وکلاء سے استفسار کیا کہ اس کیس میں جو دفعات لگی ہیں ان سے متعلق بریف کیا جائے ۔کیس میں لگائی تمام دفعات، بینکنگ کورٹ اور فارن ایکس چینج ایکٹ کی دفعات پر بحث کے بعدعدالت نے قراردیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور دیگر ملزمان کے خلاف بینکنگ کورٹ میں کیس سنا جائے گا۔