فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا تاج اپنے سر سجا لیا

پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے137 رنزبنائے، جواب میں انگلینڈ نے  ہدف 19 اوورز میں 5 وکٹ پر پورا کردیا

میلبرن(ویب  نیوز)

  ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کو 5 وکٹ سے شکست دے کر انگلینڈ دوسری مرتبہ چیمپئن بن گیا۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل میلبرن کرکٹ گرائونڈ میں کھیلا گیا جہاں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔138 رنز ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے کپتان جوز بٹلر اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا، ہیلز پہلے اوور کی آخری گیند پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، تاہم جوز بٹلر نے پر اعتماد بلے بازی کا مظاہرہ کیا، وہ 1 چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 26 رنز بناکر حارث رئوف کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔ فل سالٹ نے 10 رنز بنائے اور حارث رئوف کی ہی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، چوتھے آئوٹ ہونے والے بیٹر ہری بروک تھے جنہوں نے 20 رنز بنائے اور شاداب خان کی گیند پر حارث رئوف کو کیچ دے بیٹھے۔ اس طرح انگلش ٹیم نے مقررہ ہدف 19 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، بین سٹوکس نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 1 چھکے، 5 چوکوں کی مدد سے 49 گیندوں پر 52 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ لیام لیونگسٹون بھی 1 رن بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے حارث رئوف نے سب سے زیادہ 2 جبکہ شاہین شاہ  آفریدی، شاداب خان اور محمد وسیم جونیئر نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔  قومی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے انتہائی مایوس کن بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر صرف 137 رنز بنائے، اوپنر محمد رضوان 15 رنز بنا کر سیم کرن کا شکار بنے جبکہ ٹیم کے 45 کے مجموعی سکور پر محمد حارث 8 اور بابر 32 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر آئوٹ ہوئے، افتخار احمد صفر پر بین سٹوکس کی گیند پر آئوٹ ہوئے۔شان مسعود کو 38 اور محمد نواز کو 5 رنز پر سیم کرن نے جبکہ شاداب کو 20 رنز پر کرس جورڈن نے آئوٹ کیا جبکہ محمد وسیم جونیئر 4 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ انگلینڈ کی جانب سے سیم کرن نے 3، عادل رشید اور کرس جورڈن نے 2، 2 جبکہ بین سٹوکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔ قومی کرکٹ ٹیم میں  کپتان بابراعظم، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، محمد حارث، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رئوف شامل تھے جبکہ انگلینڈ   اسکواڈ میں  کپتان جوز بٹلر، ایلکس ہیلز، فل سالٹ، بین اسٹوکس، ہیری بروک، لیام لیونگ اسٹون، معین علی، سیم کرن، کرس جارڈن، کرس ووکس اور عادل رشید شامل تھے۔