کون بنے گا مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا چیمپئن ؟پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان فائنل معرکہ کل ( اتوار کو) ہوگا

میلبورن( ویب  نیوز)

کون بنے گا مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا چیمپئن ؟پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان آٹھویں آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا فائنل  کل 13 نومبر اتوار کو ایم سی جی ،میلبورن میں کھیلا جائے گا۔ فائنل میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن ایک بجے شروع ہوگا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام آسٹریلیا میں جاری آٹھواں آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ اپنے اختتامی مراحلے میں داخل ہے ، میگا ایونٹ میں شائقین کرکٹ کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ میگا ایونٹ کے چیمپئن کا فیصلہ 13 نومبر کو میلبورن میں ہوگا۔میلبورن میں اس روز بارش کا بھی امکان ہے۔ اس سے قبل مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا جبکہ میگا ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں انگلش ٹیم نے بھارت کو 10 وکٹوں سے عبرتناک شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔ دونوں ٹیمیں اس سے قبل ایک ایک مرتبہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی چیمپئن رہ چکی ہیں۔پاکستان نے 2009کے مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ انگلینڈ نے 2010کے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کو شکست دے کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ ویسٹ انڈیز واحد ٹیم ہے جس نے دو مرتبہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اپنے نام کیا۔ویسٹ انڈیز نے 2012اور 2016 ، بھارت نے 2007، سری لنکا2014اور آسٹریلیا نے 2021میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا تاج اپنے سر سجایا۔آسٹریلیا میں جاری آٹھویں مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی دلچسپ بات یہ ہے کہ ورلڈ کپ 1992اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022میں حیران کن مماثلت سامنے آنے لگی، 30 سال بعد تاریخ ایک مرتبہ پھر اپنے آپ کو دہرانے لگی۔ 1992کا ورلڈ کپ پاکستان نے جیتا جبکہ اس ورلڈ کپ کی میزبانی آسٹریلیا نے کی تھی ۔ رواں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022کا میزبان بھی آسٹریلیا ہی ہے۔ 1992میں دفاعی چیمپئن پہلے ہی رائونڈ میں ٹورنامنٹ سے باہر ہوا، 2022میں کینگروز دفاعی چیمپئن تھے مگر سیمی فائنل میں نہ پہنچ سکے۔پاکستان 1992کے عالمی کپ میں پہلے پانچ میچوں میں سے صرف ایک میچ جیتا تھا جبکہ اس بار پہلے 3 میں سے 2 میچوں میں شکست ہوئی اور صرف ایک میچ جیتا۔ 1992میں بھی اگر مگر کی صورتحال تھی، آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو شکست دی تو پاکستان سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر گیا۔اس مرتبہ نیدرلینڈز نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر پاکستان کی سیمی فائنل کی راہ ہموار کی۔ 30 سال پہلے بھی پاکستان کا سیمی فائنل مقابلہ نیوزی لینڈ کے ساتھ تھا اس مرتبہ بھی پاکستان نے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ حیران کن بات یہ ہے کہ 1992کے عالمی کپ کے فائنل میں پاکستان کا مقابلہ انگلینڈ کے ساتھ تھا اور رواں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022کے فائنل میں پاکستان کا مقابلہ انگلینڈ کے ساتھ ہو گا۔پاکستان کی ٹیم میگا ایونٹ کا فائنل کھیلنے کے لئے پہلے ہی میلبورن پہنچ چکی ہے۔ 13 نومبر بروز اتوار دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل میچ آسٹریلیا کے تاریخی کرکٹ گرائونڈ ایم سی جی میلبورن میں کھیلا جائے   ۔۔۔