لاہور (ویب ڈیسک)

پاکستان نے 1992ء ورلڈکپ کی تاریخ دہراتے ہوئے آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے ٹی 20 ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر محدود فارمیٹ میں تیسری مرتبہ فائنل میں جگہ بنا لی۔ٹی 20 ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر قومی ٹیم  کے کپتان بابر اعظم کو بیٹنگ کرنے کے بارے میں آگاہ کیا۔153 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے کیا، دونوں بیٹرز میگا ایونٹ میں مسلسل ناکام رہے تھے تاہم کیویز کے خلاف سیمی فائنل میچ کے دوران جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور حریف باؤلرز کی خوب درگت بنائی۔بابر اعظم اور محمد رضوان نے ٹی 20 فارمیٹ میں اپنی نویں سنچری شراکت بنائی، یہ ریکارڈ 12 ویں اوورز میں بنا، اس وقت بابر اعظم نے 52 اور رضوان 46سکور بنا چکے تھے۔دونوں پلیئرز کے درمیان 105 رنز کی پارٹنر شپ بنی اور بابر اعظم 42 گیندوں پر 53 رنز بنا کر بولٹ کا نشانہ بن گئے، مچل نے کیچ تھاما۔ بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے اپنی 23 ویں نصف سنچری مکمل کی اور مسلسل ناکامی کا جمود بھی توڑا۔17 ویں اوورز میں وکٹ کیپر بلے باز 57 سکور بنا کر پویلین لوٹ گئے، ٹرینٹ بولٹ نے وکٹ حاصل کی، اس دوران قومی بلے باز نے امپائر سے نو بال کی استدعا کی تاہم بعد میں تھرڈ امپائر نے نو بال کے بجائے آؤٹ قرار دیدیا۔ محمد حارث 30 سکور بنا کر سینٹر کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔پاکستان نے ہدف آخری اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، شان مسعود 3اور افتخار صفر پر ناؤٹ آ رہے۔ بولٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔  یاد رہے کہ پاکستان اس سے قبل 2007ء کے ورلڈکپ میں فائنل میں بھارت سے شکست کھا چکا ہے جبکہ 2009ء کے میگا ایونٹ میں سری لنکا کو پچھاڑا تھا دریں اثنا ٹی 20 ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کو شکست دیکر فائنل میں پہنچنے والی قومی ٹیم کو پاک فوج، صدر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف نے مبارکباد دی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا گیا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے پر قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہیں، فائنل کے لیے نیک تمنائیں قومی ٹیم کے ساتھ ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹویٹر پر ’پاکستان زندہ باد‘ بھی لکھا۔سیمی فائنل جیتنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے جذبہ، عزم اور نظم و ضبط لکھ کر قومی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ میگا ایونٹ میں زبردست واپسی پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوٹیر پر لکھا کہ ایک شاندار جیت سمیٹنے پر بابر اعظم اور ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔صدر عارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ پاکستان نے زبردست میچ کھیلا، محمد رضوان، بابر اعظم ، شاہین شاہ آفریدی اور نوجوان محمد حارث کی شاندار پرفارمنس رہی، گرین شرٹس آپ ہمارے لیے باعث فخر ہیں، فائنل میچ کے لیے ہماری نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں، آپ انشاء اللہ فائنل میچ بھی جیتیں گے۔