سری لنکا نے145رنز کا ہدف 4وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں حاصل کرلیا

برسبین (ویب نیوز)

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سری لنکا نے اہم میچ میں افغانستان کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے  اہم گروپ میچ میں  سری لنکا نے افغانستان کو 6وکٹوں سے شکست دے دی۔ جس کے ساتھ ہی افغانستان ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی ہے۔ افغانستان ایونٹ سے آئوٹ ہونے والی پہلی ٹیم ہے۔میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے  بیٹنگ کی اور مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 144رنز بنائے۔ افغان بیٹر رحمن اللہ گرباز نے 28اور عثمان غنی نے 27رنز کی اننگز کھیلی۔سری لنکن سپنر ونندو ہسارنگا نے 3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔سری لنکا نے145رنز کا ہدف 4وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ بیٹر دھنن جیا دی سلوا66رنز کی شاندار اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔واضح ر ہے گروپ اے  میں شامل افغانستان  نے اب تک 4میچ کھیل کر 2 پوائنٹس حاصل کئے ہیں ۔ افغانستان دو میچ  ہارا اور دو بارش کی وجہ سے ختم ہوئے جس پر 2پوائنٹس ملے۔گروپ اے میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے پہلے ہی 5،5پوائنٹس ہو چکے ہیں۔ افغانستان5واں میچ جیت لے تو بھی اس کے ٹوٹل 4پوائنٹس ہوں گے جس کے باعث افغانستان کے اگلے مرحلے میں جانے کے امکانات ختم ہو چکے ہیں۔