افغانستان کی شکست سے بھارت ٹی 20ورلڈ کپ سے باہر ہوگیا

افغانستان کی شکست سے بھارت ٹی 20ورلڈ کپ سے باہر ہوگیا

ابو ظہبی(ویب  نیوز)ٹی 20 ورلڈ کپ میں  نیوزی لینڈ نے افغانستان کو8وکٹوں سے شکست دے دی، افغانستان کی شکست سے بھارت ٹی 20  ورلڈ کپ کی دور سے باہر ہوگیا ہے، اتوار کے روز ابو ظہبی میں  نیوزی  لینڈ اور افغانستان  کے درمیان ہونے والے میچ سے انڈیا کی قسمت وابستہ تھی اگر افغانستان اس میچ میں جیت جاتا تو انڈیا کیلئے سیمی فائنل تک پہنچنے کا امکان موجود تھا۔ نیوزی لینڈ نے افغانستان کے 125 رنز کے جواب میں19 ویں اوور میں8وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ نیوزی  لینڈ اور افغانستان کے درمیان  میچ میں ٹرینٹ بولٹ  کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ٹی 20 ورلڈ کپ میں نجیب اللہ زدران کی عمدہ بیٹنگ کے باوجود افغانستان نے نیوزی لینڈ کو فتح کے لیے 125 رنز کا ہدف دیا ۔افغانستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو انہیں ابتدا میں رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں 19رنز پر تین افغان کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔محمد شہزاد نے 4، حضرت اللہ زازئی نے 2 اور رحمن اللہ گرباز نے 6 رنز بنائے۔اس مرحلے پر گلبدین نائب کا ساتھ دینے نجیب اللہ زدران آئے اور دونوں بلے بازوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 37 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اسی اسکور پر گلبدین 15رنز بنا کر چلتے بنے۔دوسرے اینڈ سے نجیب اللہ نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور کپتان محمد نبی کے ساتھ شاندار شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی۔دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 59 رنز جوڑے جس میں نبی کا حصہ صرف 14 رنز کا رہا اور ٹم سادھی کو انہی کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔اننگز کے 19ویں اوور میں نجیب اللہ کی شاندار اننگز بھی اختتام کو پہنچی جنہوں نے ٹرینٹ بولٹ کی وکٹ بننے سے قبل 48 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے۔افغانستان نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے عمدہ بالنگ کرتے ہوئے 17رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ٹم سادھی نے دو وکٹیں لیں۔واضح رہے کہ گروپ 2 سے پاکستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے اور امکان ہے کہ اس گروپ سے سیمی فائنل میں جانے والی دوسری ٹیم کا فیصلہ آج کے میچ کے بعد ہوجائے گا۔

 بھارت کیلئے ایک اور شرمندگی ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر ہوگیا، ٹی 20  ورلڈ کپ کا میزبان بھارت سیمی فائنل کی دوڑ سے باہرہوگیا۔ افغانستان کے نیوزی  لینڈ سے ہارنے سے بھارت کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی خواہش دم توڑ گئی۔ نیوزی لینڈ نے افغانستان کو ہرا کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے جبکہ بھارت ٹی20 ورلڈ کپ سے نکل گیا ہے لہذا گروپ ٹو سے بھارت اور افغانستان کا سفر ختم ہوگیا ہے۔ٹی 20 ورلڈ کپ کے 40 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔نیوزی لینڈ نے 125 رنز کا ہدف 19 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ڈیون کونوے 36 اور کین ولیمسن 40 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہیں۔