وزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی اتحادی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس، اہم تعیناتیوں کا اختیار شہباز شریف کو دیدیا

پارٹی سربراہان اور راہنمائوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی بھرپور حمایت کی اورساتھ کھڑے ہونے کا اعلان بھی کیا

آپ وزیراعظم ہیں،آپ کے پاس آئینی اختیار اور استحقاق ہے، جسے چاہیں آرمی چیف بنائیں،آصف زرداری

فیصلہ کرنا بھی آپ کا آئینی حق ہے،چوہدری شجاعت حسین،ہرفیصلے میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، بلاول بھٹوکی یقین دہانی

اہم تقرریوں پر مشاورت ہوئی،وزیراعظم جو بھی فیصلہ کریں تمام اتحادی ان کے ساتھ کھڑے ہیں ،قمرزمان کائرہ کی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو

اسلام آباد( ویب  نیوز)

حکمران اتحاد نے آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر یک زبان ہوکر وزیراعظم کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان اور بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔مشیر امور کشمیر وگلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے صحافیوں کوبتایا کہ  اجلاس میں اہم تقرریوں پر مشاورت ہوئی،وزیراعظم جو بھی فیصلہ کریں تمام اتحادی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعظم  شہباز شریف کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کے مشاورتی اجلاس میں حکمران اتحاد کے رہنمائوں نے اہم تعیناتیوں کا اختیار وزیراعظم کو دیدیا۔ اجلاس میں آصف زرداری، بلاول بھٹو، چوہدری شجاعت اور خالد مقبول نے وزیراعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعظم ہاوس میں ہونے والے اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر احسن اقبال اور مشیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ بھی شریک تھے۔اجلاس میں سربراہ بی این پی مینگل سردار اختر مینگل، بی اے پی کے رہنما خالد مگسی، سابق وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیر پائو، نواب شاہ زین بگٹی اور محسن داوڑ نے بھی شرکت کی۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر، معاون خصوصی عطا تارڑ، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور معاون خصوصی ملک احمد خان بھی وزیراعظم ہائوس میں ہونے والے اجلاس میں موجود تھے۔  ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ وزیراعظم ہیں،آپ کے پاس آئینی اختیار اور استحقاق ہے۔ جسے چاہیں آرمی چیف بنائیں۔سربراہ ق لیگ چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ اللہ نے آپ کو منصب پر بٹھایا، فیصلہ کرنا بھی آپ کا آئینی حق ہے جبکہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میاں صاحب ہرفیصلے میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔  ڈاکٹر خالد مقبول نے کہا کہ مشاورت کاشکریہ، آپ پرمکمل اعتماد ہے، آپ جوفیصلہ کریں آپ کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ محسن داوڑ نے کہاکہ اہم تقرریوں کا اختیار آپ کے پاس ہے اور آپ ہی اس کے مجاز ہیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں، آفتاب شیرپائو کا کہنا تھا کہ اختیار آپ کا ہے، آپ نے ہم پر اعتماد کیا، ہم آپ پر مکمل اعتماد کرتے ہیں، شازین بگٹی نے کہا کہ دستور نے آپ کو زمہ داری دی ہے، ہم آپ کے فیصلوں کی تائید و حمایت کرتے ہیں، مشاورت کرنا آپ کی جمہوری سوچ کا مظہر ہے جبکہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کا وزیراعظم شہباز شریف پر مکمل اعتماد ہمارے لئے باعث فخر ہے۔ خیال رہے کہ وزیراعظم آفس نے تصدیق کی ہے کہ آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس اسٹاف کمیٹی کی تقرری کی سمری وزارت دفاع سے موصول ہوگئی ہے۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سمری کے ساتھ دونوں عہدوں کیلئے ناموں کا پینل بھی شامل ہے، وزیراعظم طے شدہ طریقہ کارکے تحت تقرریوں کا فیصلہ کریں گے۔ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ  اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا اور ون پوائنٹ ایجنڈا تھا، جس میں اہم تقرریوں پر مشاورت  ہوئی،  وزیراعظم جو بھی فیصلہ کریں تمام اتحادی ان کے ساتھ کھڑے ہیں ، اہم تقررریوں کے حوالے سے نام ساری قوم کے سامنے ہیں۔  قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ  آصف زرداری نے بھی مکمل یقین دہانی کروائی ہے، وزیراعظم  شہباز شریف نے مشاورت کرکے نئی روایت قائم کی ہے، وزیراعظم کو یہ حق حاصل ہم ان کے ساتھ ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ  آرمی چیف کے بیان کے حوالے سے کچھ باتیں تجزیہ طلب ہیں ۔ ان کا کہنا تھاکہ تمام جماعتوں نے وزیراعظم کی تائید کی ہے کہ جو فیصلہ کریں گے وہی قابل قبول ہوگا،  ہر مشکل گھڑی میں وزیراعظم میاں شہباز شریف کیساتھ کھڑے ہیں۔