پولیس کی جانب سے ڈرائیورز کو فوگ لائٹس کا استعمال کرنے کی ہدایت

لاہور (ویب نیوز)

پنجاب بھرمیں دھند چھائی رہی جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی،موٹر ویز کو کئی مقامات سے بند کر دیا گیا۔ شدید دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کمی رہی ۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم 2 لاہور سے شیخوپورہ تک شدید دھند کی وجہ سے بند کی گئی ۔ لاہور ملتان موٹر وے ایم 3 کو فیض پور سے رجانہ تک، لاہور سیالکوٹ موٹر وے بھی دھند کی وجہ سے بند کی گئی ۔ترجمان موٹر وے پولیس نے مزید بتایا کہ موٹر وے ایم 1 کو پشاور ٹول پلازہ سے برہان تک اور سوات ایکسپریس وے کرنل شیر خان سے اسماعیلہ تک بند  رہی۔ پولیس کی جانب سے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا گیا کہ ڈرائیورز فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور غیر ضروری ڈرائیونگ سے گریز کریں، کسی بھی معلومات اور مدد کی صورت میں موٹر وے پولیس کے ہیلپ لائن نمبر 130 پر رابطہ کریں۔ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ روڈ یوزرز آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں۔ تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔ موٹروے پولیس ہمسفر ایپ سے بھی معلومات لی جاسکتی ہیں۔