الخدمت ”بنو قابل” آئی ٹی کورسز انٹری ٹیسٹ کا اگلا مرحلہ ،باغ جناح میں ہزاروں طالبات کی شرکت

 ہزاروں طلبہ کے انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان ، کامیاب طلبہ و طالبات کو مفت آئی ٹی کورسز کرائے جائیں گے

حکمران قوم کو جاہل رکھنا چاہتے ہیں لیکن کراچی کی بیٹیوں نے علم حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے  حافظ نعیم الرحمن

طالبات اور والدین کا الخدمت کو خراج تحسین تقریب سے نوید علی بیگ ودیگر کا بھی خطاب  اینکر پرسن و آرٹسٹوں کا خیر مقدم

کراچی( ویب  نیوز)

  الخدمت ”بنو قابل میگا پروجیکٹ ” کے تحت کراچی کی میٹرک وانٹر پاس طالبات کے لیے آئی ٹی کورسز کے انٹری ٹیسٹ  کے اگلے مرحلے میں اتوار کو مزارقائد کے پہلو میں باغ جناح کے وسیع و عریض گرائونڈ میں ہزاروں طالبات نے انٹری ٹیسٹ دیا ۔طالبات کی قابلیت و استعداد کی جانچ کے بعد کامیاب طالبات کو کمپیوٹر کے معتبر اداروں کے ذریعے فری لانسنگ ، ویب ڈیولپمنٹ ، گرافک ڈیزائنگ ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ ، ایمزون ، ورچیول اسسٹنٹ اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ جیسے ہزاروں روپے مالیت کے کورسز ہیں مفت کرائے جائیں گے ۔اس سے قبل ہزاروںطلبہ نے بھی انٹری ٹیسٹ دیا تھا جن کے نتائج کا اعلان کیا جاچکا ہے ۔الخدمت نے اس پروگرام کے لیے شہر کے معروف آئی ٹی پروفیشنلرز کی بڑی ٹیم اور اداروں کی معاونت بھی حاصل کی ہے۔ 4سے6ماہ کی مدت کے ان کورسز کے بعد ان طلبہ کے روزگار کے لیے بھی کوششیں کی جائیں گی ۔بنو قابل پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے میں طالبات کے ٹیسٹ کا جلد انعقاد ہو گا ۔ انٹری ٹیسٹ میں شریک طلبہ اور ان کے والدین نے الخدمت کی کوششوں کو سراہا ، بھر پور حاضری کے باوجود ٹیسٹ کا انعقاد و اختتام نہایت منظم انداز سے ہوا ۔انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اسکولوں کے اساتذہ سمیت رضاکاروں پر مشتمل مختلف کلسٹرز بنائے گئے تھے ۔طالبات کو ٹیسٹ کے لیے انہیں سوال نامے کے ساتھ الخدمت کے لوگو والا فائل فولڈربھی فراہم کیا گیا ۔  بنو قابل میگا پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،الخدمت کے چیف ایگزیکٹو نوید علی بیگ ،سینئر آرٹسٹ بہروزسبزواری ،ٹی وی آرٹسٹ ایاز خان ،ٹی وی آرٹسٹ زیبا شہناز،معروف اینکر پرسن ڈاکٹر شائستہ لودھی و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔تقریب میں شریک اینکر پرسنز اور ٹی وی آرٹسٹوں نے الخدمت کی کوششوں کو سراہا اور کراچی کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے ”بنو قابل ”پروجیکٹ کو بروقت اقدام قراردیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ میں آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ اتنی بڑی تعداد میں کراچی کی بیٹیاں یہاں موجود ہیں ،حکمران قوم کو جاہل رکھنا چاہتے ہیں لیکن کراچی کی بیٹیوں نے علم حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ،الخدمت نے کراچی کے بیٹو اور بیٹیوں کا ہاتھ تھا م لیا ہے ،جماعت اسلامی کراچی کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کوپڑھا نااورآگے بڑھانا چاہتی ہے ، انٹری ٹیسٹ میں پاس ہونے والے ہر طالبہ کو فری اسکالر شپ دیں گے ۔وہ سارے لوگ اورحکمران ٹولہ جو قوم کو جاہل رکھنا چاہتے ہیں ، ان سب کو کراچی کی بیٹیوں نے مزار قائد کے پہلومیں جمع ہوکر پیغام دے دیا ہے کہ ہم علم کی روشنی میں آگے بڑھیں گی ، ملک کی تمام حکومتی جماعتوں کا کام ایک جگہ اور آج کی طالبات کا عزم ایک جگہ ہے ، آج کا تاریخی ایپٹیی ٹیوٹ ٹیسٹ پیغام ہے کہ ہم بچوں اور بچیوں کو پڑھانے کے ساتھ ساتھ حکمرانوں سے حساب بھی لیں گے ،حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ کراچی کے بچوں اور بچیوں کو تعلیم دے لیکن حکومت وریاست اپنی ذمہ داری سے غافل ہے ، کراچی کے لڑکے اورلڑکیاں ان حکمرانوں سے پوچھیں گے کہ کیوں ہمیں جاہل بناتے ہوں، کراچی میں جماعت اسلامی کا میئر آئے گا تو کراچی میں ماڈل اسکولز بنائیں گے اور کے ایم سی کے اسکولوں میں آئی ٹی کی کلاسیں شروع کریں گے ،کراچی کے لڑکوں اور لڑکیوں کے بعد اب ہاؤس وائف کی فنی تعلیم و تربیت کے لیے پروگرام بنارہے ہیں ، اب ہم ہاؤس وائف کو بھی پڑھائیں گے اوران کو بھی آئی ٹی کا کورس کروائیں گے ۔ہمارامیئر آئے گا تو فائل پھینک کر نہیں جائے گا جتنے اختیارات ہوں گے اس سے بڑھ کر کام کرے گا ۔انہوں نے کہاکہ کراچی کے ٹیکسوں کی رقم کراچی کے عوام پر خرچ نہیں کی جاتی ۔کراچی ایکسپورٹ میں 54فیصد اورقومی خزانے میں 64فیصد ریونیو دیتاہے، کراچی پوری ملک کی معیشت چلاتا ہے ، اس کے باوجود کراچی کے شہریوں کے مسائل حل نہیں کیے جاتے، آج بھی کراچی کی ٹرانسپورٹ سوائے چنگ چی کے کچھ نہیں ہے ، کراچی میں صحت کی سہولتیں موجود ہیں ، عباسی شہید اسپتال کو تباہ و برباد کردیا ہے ،کراچی میں 2کرور نوجوان 30سال عمر کے ہیں مگر بدقسمتی سے صرف 2سرکاری جامعات ہیں ،کالجز بھی بہت کم ہیں اور سرکاری کالجز کے نتائج مسلسل تنزلی کا شکار ہیں ، کراچی کی طالبات تعلیم پر توجہ دیں ،محنت کریں ہم آپ کے ساتھ مل کر آپ کو اورکراچی کو آگے بڑھائیں گے ۔حافظ نعیم الرحمن نے تقریر کے اختتام میں طالبات سے عہد لیا کہ ”میں وعدہ کرتی ہوں کہ پاکستان اور اس کے اسلامی نظریے کی وفادار رہوں گی ،پوری محنت اور دیانتداری سے تعلیمی قابلیت اور پروفیشنل صلاحیتوں میں اضافہ کروں گی اور اس کے ذریعے اپنے خاندان کو مضبو ط بناؤں گی ،شہر کراچی کی تعمیر وترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کروں گی ،اپنے اخلاق و کردار سے خاندان اور ملک و ملت کی عزت میں اضافے کا سبب بنوں گی ،اللہ تعالیٰ مجھے اس عہد کو وفا کرنے کی پوری ہمت اور توفیق عطا فرمائے ”۔نوید علی بیگ نے کہاکہ اندرون سندھ اور جنوبی پنجاب میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر بنو قابل انٹری ٹیسٹ ملتوی کردیا گیا تھا ،سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی ریلیف کا کام ابھی بھی جاری ہے ، الخدمت نے 19اکتوبر کو کراچی کے نوجوانوں کا باغ جناح گراؤنڈمیں انٹری ٹیسٹ لیا جن کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے ،ہماری پوری کوشش ہے کہ نوجوان لڑکوں کا پہلا بیج جنوری سے شروع کردیا جائے ،امید ہے کہ طالبات لڑکوں سے زیادہ تعداد میں انٹری ٹیسٹ میں پاس ہوں گی اورپڑھ لکھ کر اپنے گھر والوں اور ملک کا نام روشن کریں گی ،کراچی کے شہریوں میں بے شمار ٹیلنٹ موجود ہے ، بد قسمتی سے کراچی میں تعلیمی اداروں کو تباہ و برباد کردیا گیا ہے ، بنو قابل کا پروگرام کراچی کے شہریوں کے لیے ایک اہم تعلیمی پیش رفت ہے ۔بہروزسبزواری نے کہاکہ الخدمت اور جماعت اسلامی کی پوری ٹیم زبردست کام کررہی ہے ، آج کے باغ جناح گراؤنڈ میں نوجوان طالبات کو دیکھ کر خوشی ہورہی ہے ، قابل بننے کے لیے الخدمت بنو قابل بہت اچھا ذریعہ ثابت ہوگا ، مجھے امید ہے کہ یہی خواتین آئی ٹی کے کورسز کر

کے کراچی اور پاکستان کا نام روشن کریں گی ۔طالبات آئی ٹی کے میدان میں قابل بنیں اور اسی تعلیم کو اپنے بچوں کو بھی پہنچائیں ۔ ایاز خان نے کہاکہ الخدمت کے انٹری ٹیسٹ میں اتنی بڑی تعداد میں طالبات کی شرکت خوش آئند ہے ، یہ ایسی طالبات ہیں جو اپنے گھر والوں کے لیے اور ملک کے لیے سوچتی ہیں اور کچھ کرنے کا عزم رکھتی ہیں ،جماعت اسلامی کا شکر گزار ہوں کہ جو مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کررہی ہے ۔زیبا شہنازنے کہاکہ جو کام حکمرانوں کو کرنا چاہیئے وہ کام الخدمت اور جماعت اسلامی کررہی ہے ،میں جماعت اسلامی اور الخدمت کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے کراچی کی بیٹیوں کے بارے میں سوچااور عملی اقدامات کیے ، میری دعا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی بھرپور طریقے سے کامیاب ہوں تاکہ کراچی کے مسائل حل ہوسکیں، کراچی کی آواز صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی ہے ، میں دعا گوہوں کہ حافظ نعیم الرحمن کا سایہ کراچی پر اسی طرح قائم رہے ۔ معروف اینکر پرسن ڈاکٹر شائستہ لودھی نے کہاکہ کراچی کی تمام طالبات کو مبارکباد پیش کرتی ہوں کہ یہ کامیابی طالبات کی نہیں کراچی کی کامیابی ہے ،  الخدمت اور جماعت اسلامی کی شکرگزار ہوں جنہوں نے کراچی کی طالبات کو پڑھانے کے لیے جمع کیا ،میرے لیے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے کہ میں الخدمت کی سفیر بنوں ۔#

#/S