لندن (ویب نیوز)

انگلینڈ نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 26 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔ انگلش ٹیم کی جانب سے دیئے گئے 355 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 328 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، پاکستان کی جانب سے سعود شکیل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 94 رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کی طرف سے مارک ووڈ نے پاکستان کے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔میزبان ٹیم پاکستان کے سعود شکیل اور فہیم اشرف نے جیت کے تعاقب میں چوتھے روز کے کھیل کا آغاز 198رنز 4 کھلاڑی آئوٹ سے کیا۔ابرار احمد نے برق رفتار 17 رنز بنائے جس میں 4 چوکے شامل تھے۔ تیسرے روز کے اختتام پر کریز پر فہیم اشرف اور سعود شکیل موجود تھے، دونوں کے رنز بالترتیب 3 اور 54 تھے۔ عبداللہ شفیق کے ہمراہ اوپننگ کے لیے آنے والے محمد رضوان 30 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی گیند پر بولڈ ہوئے جب کہ کپتان بابر اعظم ایک رن پر اولی روبنسن کا شکار بنے۔عبداللہ شفیق کو 45 رنز  پر مارک ووڈ نے بولڈ کیا۔ دائیں ہیمسٹرنگ میں تکلیف کے باعث ایم آر آئی کروا کر سٹیڈیم واپس آنے والے امام الحق 60 رنز بنا کر جیک لیچ کی گیند پر آئوٹ ہوئے۔ اس سے قبل تیسرے روز مہمان ٹیم  دوسری اننگز میں 275 رنز بنا کر آئوٹ ہوئی تھی جب کہ پاکستان کو جیت کے لیے  355 رنز کا ہدف دیا گیا۔