• دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں،پوری قوم دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خلاف ایک بیانیہ پر متحد ہے
  • اجلاس کے دوران اعلی عسکری حکام نے قومی سلامتی کمیٹی کو ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی
  •  اجلاس کا دہشت گردی کے خلاف شہداکی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت
  • نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس پیر2 جنوری 2023کو جاری رہے گا، مزید فیصلے کئے جائیں گے

اسلا م آباد (ویب نیوز)

قومی سلامتی کمیٹی نے دہشت گردوں کو پاکستان کا دشمن قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان کو للکارنے والوں کو پوری قوت سے جواب دیا جائے گا اور پاکستان کے قومی مفادات پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ملک میں بڑھتے ہوئے دہشت گرد حملوں کے پیش نظر ان حملوں کے انسداد کے لیے حکمت عملی طے کرنے اور انسداد دہشت گردی کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اہم اجلاس میں وفاقی وزرا، سروسز چیفس اورانٹیلی جنس اداروں کے سربراہان نے شرکت کی، اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر خزانہ اسحق ڈار بھی موجود تھے۔اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس نے ملکی معیشت اور امن وامان کا تفصیل سے جائزہ لیا، وزیرخزانہ اسحق ڈار نے ملک کی معاشی صورتحال اور چیلنجز سے آگاہ کیا اور اس ضمن میں حکومت کی جانب سے اختیار کی گئی معاشی حکمت عملی اور اقدامات کے بارے میں شرکا کو بریفنگ دی۔جاری بیان کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے ملک میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی اور دہشت گردی کی حالیہ لہر سے متعلق عوامل اور ان کے سدباب کے اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔اعلامیے کے مطابق وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے افغانستان کی صورتحال پر اجلاس کو بریفنگ دی اور پاکستان کے افغانستان کی عبوری حکومت سے ہونے والے رابطوں سے آگاہ کیا۔بیان کے مطابق اجلاس نے دوٹوک رائے کا اظہار کیا کہ پاکستان کے قومی مفادات پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی اور نہ ہی کسی کو بھی قومی سلامتی کے کلیدی تصور کو نقصان پہنچانے کی اجازت دیں گے۔ اعلامیہ میں  میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی بقا، سلامتی اور ترقی کے بنیادی مفادات کا نہایت جرات وبہادری، مستقل مزاجی اور ثابت قدمی سے تحفظ کیاجائے گا۔اعلامیے کے مطابق اجلاس نے دہشت گردی کے خلاف شہداکی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیااور شہداکے درجات کی بلندی کے لئے اجتماعی دعا کی۔بیان کے مطابق اجلاس نے عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں، پوری قوم دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خلاف ایک بیانیے پر متحد ہے، پاکستان کو للکارنے والوں کو پوری قوت سے جواب ملے گا۔جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس بروز پیر مورخہ 2 جنوری 2023کو جاری رہے گا جس میں سامنے آنے والی تجاویز کی روشنی میں مزید فیصلے کئے جائیں گے۔گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔دونوں شخصیات کے درمیان یہ ملاقات جنرل ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس کے ایک روز بعد ہوئی تھی جس میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافے پر تفصیلی غور اور تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔