پشاور۔۔پشاورسمیت صوبے کے میدانی علاقوں میں بارش،بالائی علاقوں میں برف باری

موسم شدید سرد ہو گیا،سیاحوں کی بڑی تعداد لطف اندوز ہونے کیلئے پہنچ گئی،احتیاطی تدابیر جاری

پشاور (ویب نیوز)

پشاورسمیت خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ شروع ہو گیا جس سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی   ۔پشاور،نوشہرہ،مردان،صوابی،چارسدہ،کوہاٹ،مالاکنڈ،باجوڑ،دیر اور سوات سمیت دیگر علاقوں میں بارش سے سردی میں اضافہ ہو گیا جبکہ مالم جبہ،مری،کالام،گلیات اور گردونواح میں برف باری کا سلسلہ شروع ہو گیا جس سے معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں تاہم سیاحوں کی بڑی تعداد نے برف باری سے لطف اندوز ہونے کیلئے مذکورہ علاقوں کا رخ کرلیا ہے اور گزشتہ روز سے ہی سیاحوں کی بڑی تعداد نے مالم جبہ اور کالام میں ڈیرے ڈال دیئے تھے ۔دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے بارش اور برف باری کے پیش نظر ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے اقدامات یقینی بنانے کیلئے مراسلہ جاری کر دیا ہے ۔مراسلے میں متعلقہ اداروں ،مسافروں اور سیاحوں کے ساتھ موسمی خطرے کے علاقوں کی آبادیوں کو بڑے پیمانے پر آگاہی دینے اور باخبر رکھنے کے لئے مربوط اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

پشاور۔۔مری ، ایک بار پھر سیاحوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹاجانے لگے. اشیائے خورونوش کے ریٹ بڑھا دیئے گئے

ملکہ کوہسارمری،نتھیا گلی،کالام،کاغان اور مالم جبہ میں برف باری سے لطف اندوز ہونے کیلئے سیاحوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی ہے تاہم گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی مری میں ہوٹلوں کے کرایوں میں زبردست اضافہ کر دیاگیا ہے جبکہ ساتھ ہی مختلف اشیائے خوردونوش کے ریٹ بھی من مانے مقرر کر کے لوٹ مار کا سلسلہ شروع ہے۔سیاحوں نے انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔دیگر علاقوں کی نسبت مری میں ہوٹلوں کے کرائے اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کیاگیا ہے ۔اس حوالے سے پشاور سے مری جانے والی ایک فیملی نے بتایا کہ ہوٹل کا ایک رات کا کرایہ پانچ ہزار روپے تک وصول کیا جانے لگا ہے جبکہ ایک روٹی کی قیمت پچاس روپے تک بھی وصول کی جارہی ہے ۔اسی طرح دیگر اشیاء کے ریٹ بھی من مانے مقرر کر کے لوٹ مار کا بازار گرم کیا ہوا ہے ۔اس حوالے سے سیاحوں نے انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔