- نادانستہ بیان سے فواد چوہدری اور اہلخانہ کے جذبات مجروح ہوئے جس پر افسوس ہے
- فواد چوہدری کی گرفتاری اور جھوٹے پرچے کا اندراج سفاکیت اور نہایت قابلِ مذمت ہے،پرویزالٰہی
- چوہدری صاحب معذرت کرنا آپ کا بڑا پن ہے، آپ ہمیں شرمندہ کر رہے ہیں،فیصل چوہدری
لاہور (ویب نیوز)
پنجاب کے سابق وزیراعلی پرویز الٰہی نے فواد چوہدری کے بھائی فیصل چوہدری کو ٹیلی فون کر کے گرفتاری والے بیان پر معذرت کی ہے۔پرویز الٰہی نے کہا کہ فواد چوہدری اور ان کے خاندان سے برسوں پر محیط احترام و عقیدت کا رشتہ ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز کے نادانستہ بیان سے فواد چوہدری اور اہلخانہ کے جذبات مجروح ہوئے جس پر افسوس ہے۔سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ فواد چوہدری کی گرفتاری اور جھوٹے پرچے کا اندراج سفاکیت اور نہایت قابلِ مذمت ہے۔ٹیلیفونک گفتگو کے دوران پرویز الہی نے کہا کہ فواد چوہدری اور اہلخانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں اور اپنے بیان پر معذرت خواہ ہوں۔اس موقع پر فیصل چوہدری نے کہا کہ چوہدری صاحب معذرت کرنا آپ کا بڑا پن ہے، آپ ہمیں شرمندہ کر رہے ہیں۔ فیصل چوہدری نے کہا کہ آپ بڑے ہیں، میں اور میرا خاندان آپ کو اپنا بزرگ سمجھتے اور احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم بطور خاندان آپ اور آپ کے اہلِ خانہ کی دائمی سلامتی کے لئے دعاگو ہیں۔