وفاقی کابینہ نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لئے فنڈقائم کرتے ہوئے اپنی ایک ماہ کی تنخواہیں عطیہ کردیں

گریڈ 18 سے گریڈ 22 کے سرکاری افسران کی ایک دن کی تنخواہ بھی  امدادی فنڈ میں  جمع کروائی  جائے گی

ہم اپنے ترک بہن بھائیوں کو مصیبت کی اس گھڑی میں بالکل اکیلا نہیں چھوڑیں گے، وفاقی کابینہ

صدر نیشنل بینک آف پاکستان کی تقرری کے عمل کو از سر نو شروع کرنے کی منظوری

 ضابطہ فوجداری ترمیمی بل 2023 کے جائزہ کے لئے  کابینہ کمیٹی قائم کر دی گئی

اسلام آباد (ویب  نیوز)

وفاقی کابینہ نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لئے فنڈقائم کرتے ہوئے اپنی ایک ماہ کی تنخواہیں عطیہ کردیں،وفاقی حکومت کے گریڈ 18 سے گریڈ 22 کے سرکاری افسران کی ایک دن کی تنخواہ بھی  ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے قائم فنڈ میں  جمع کروائی  جائے گی کابینہ نے عزم کیا ہے کہ پاکستانی قوم اپنے ترک بہن بھائیوں کو مصیبت کی اس گھڑی میں بالکل اکیلا نہیں چھوڑے گی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منگل کو  وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ آغاز میں وفاقی کابینہ نے ترکیہ کے زلزلہ میں جاں بحق افراد کی مغفرت، اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاکی گئی ۔  وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ترکیہ اور شام میں زلزلے سے سینکڑوں افراد کی اموات اور بڑے پیمانے پر مالی نقصان پر کابینہ نے گہرا دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ارکان کو آگاہ کیا گیا کہ  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ میں زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے ریلیف فنڈ قائم کردیاہے۔ وفاقی کابینہ نے وزیراعظم کے  ترکیہ زلزلہ زدگان کے لیے قائم کیے گئے ریلیف فنڈ میں تمام پاکستانیوں کو بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالنے کی اپیل کی ہے ۔ متفقہ طور پر ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ بطور عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔اسی طرح وفاقی حکومت کے گریڈ 18 سے گریڈ 22 کے سرکاری افسران کی ایک دن کی تنخواہ ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے قائم فنڈ میں بطور عطیہ دی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں۔  ترکیہ 2022 کے تاریخی سیلاب میں اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد میں پیش پیش رہا۔  پاکستانی قوم اپنے ترک بہن بھائیوں کو مصیبت کی اس گھڑی میں بالکل اکیلا نہیں چھوڑے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں بذاتِ خود  بدھ کو  زلزلہ زدہ علاقوں کے دورے کے لیے ترکیہ روانہ ہورہا ہوں۔امدادی سامان کے علاوہ میں نے فوری طور پر ریسکیو  ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں ہاتھ بٹانے کے لیے ترکیہ روانہ کیں۔ترکیہ اور شام میں مصیبت میں گھرے اپنے زلزلہ زدگان بہن بھائیوں کی پاکستان ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم اس المناک قدرتی آفت میں ترکیہ اور شام کی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وفاقی کابینہ نے وزیر تجارت سید نوید قمر کے بہنوئی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔وزیراعظم نے کابینہ کو زلزلے کے فورا بعد ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے  اپنے ٹیلیفونک رابطہ کے بارے میں بتایا جس میں انہوں نے زلزلے سے ہونے والی تباہی پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔وزیراعظم نے کہا کہ پی آئی اے اور پاکستان ایئرفورس کی پروازیں ریسکیو ٹیمیں اور امدادی سامان لے کے ترکیہ روانہ ہوچکی ہیں۔ ریسکیو اہلکاروں کے علاوہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس بھی امدادی ٹیموں میں شامل ہیں جب کہ مزید امدادی سامان کی ترسیل جاری رہے گی ۔وزیراعظم  نے ترکیہ میں زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے کاروباری افراد اور مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ اِس ریلیف فنڈ میں عطیات دیں۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم اس المناک قدرتی آفت میں ترکیہ اور شام کی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پاکستان کی جانب سے ان کی ہرممکن مدد کی جائے گی۔وفاقی کابینہ نے صدر نیشنل بینک آف پاکستان کی تقرری کے عمل کو از سر نو شروع کرنے کی منظوری دے دی. کابینہ نے اس عمل کو فوری بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجے گئے ضابطہ فوجداری ترمیمی بل 2023 کے حوالے سے ایک کابینہ کمیٹی قائم کر دی جو بل کو مسودے کا بغور جائزہ لے کر اپنی رپورٹ اگلی کابینہ اجلاس میں پیش کرے گی. کمیٹی میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ, وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ, وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق اور وفاقی کابینہ میں موجود تمام اتحادی جماعتوں کے نمائندے شامل ہوں گے.