• دہشت گردوں کے کچھ ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ،ہلاک دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے
  •  ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور پولیس پر دستی بم حملوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے،ترجمان سی ٹی ڈی

میرانشاہ  (ویب نیوز)

شمالی وزیرستان میں کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی)کی ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے میں زیر حراست 3 ملزمان ہلاک ہوگئے، سی ٹی ڈی کی جوابی فائرنگ سے کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گرد بھی مارے گئے۔ترجمان محکمہ انسدادِ دہشت گردی(سی ٹی ڈی)خیبر پختونخوا کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی رات شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ سے 3 دہشت گردوں کو بنوں منتقل کیا جارہا تھا،میر علی بائی پاس پر دہشت گردوں سے سی ٹی ڈی کی ٹیم پر حملہ کردیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے زیرحراست تینوں ملزمان ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کے کچھ ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہوگئے ۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور پولیس پر دستی بم حملوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے، دہشت گردوں سے 4 شارٹ مشین گنز،کارتوس اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا۔سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق دہشت گرد اپنے ساتھیوں کو چھڑانا چاہتے تھے، ہلاک دہشت گرد تھانہ کینٹ پر دستی بم حملے اورکانسٹیبل افتخار کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے، سکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ۔