• عمران خان کو عدم اعتماد سے بچانے کیلئے رولنگ پر3 منٹ میں قومی اسمبلی تحلیل کر دی تھی اس وقت تو آپ کو آئینی بالادستی کا خیال نہیں آیا،ٹوئٹ

اسلام آباد (ویب نیوز)

وفاقی وزیر برائے قانون وانصاف سینیٹر چوہدری اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدرصاحب جب آپ نے عمران خان کو عدم اعتماد سے بچانے کے لئے ایک غیر آئینی رولنگ پر3 منٹ میں قومی اسمبلی تحلیل کر دی تھی اس وقت تو آپ کو آئینی بالادستی کا خیال نہ آیا۔ ان خیالات کااظہار اعظم نذیر تارڑ نے سوموار کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ وزیر قانون نے کہا کہ آج پھر اپنے لیڈر کی خواہش پر آزاد آئینی ادارے الیکشن کمیشن آف پاکستان پر بلا وجہ دبائو نہ ڈالیں صدر ہیں آپ ورکر نہیں۔

  • صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے دو صوبائی اسمبلیوں میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔ سینیٹر شیری رحمان
  • الیکشن ایکٹ 2017 کے آرٹیکل 57 (1) کے مطابق صدر الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد ہی "عام انتخابات” کی تاریخ کا اعلان کر سکتے ہیں
  • صدر صاحب جلد بازی الیکشن ایکٹ 2017 کے آرٹیکل 57 (1) کی بھی خلاف ورزی کر بیٹھے ، صدر کو اپنے عہدے اور اختیارات کا احترام کرنا چاہئے، وفاقی وزیر

وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے دو صوبائی اسمبلیوں میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔ الیکشن ایکٹ 2017 کے آرٹیکل 57 (1) کے مطابق صدر الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد ہی "عام انتخابات” کی تاریخ کا اعلان کر سکتے ہیں۔ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے سوموار کے روزٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ صدر صاحب جلد بازی الیکشن ایکٹ 2017 کے آرٹیکل 57 (1) کی بھی خلاف ورزی کر بیٹھے ہیں۔ الیکشن ایکٹ صدر کو الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد ہی "عام انتخابات” کے اعلان کا اختیار دیتا ہے۔ صدر نے بغیر مشاورت کے دو صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ آئین کے مطابق صوبائی انتخابات کا اعلان الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد صوبے کے گورنر نے کرنا ہے، صدر نے نہیں۔ صدر عارف علوی عمران خان کی خوشنودی کے خاطر آئین اور قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔ صدر کو اپنے عہدے اور اختیارات کا احترام کرنا چاہئے۔