این اے 193 کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف  کے محسن لغاری کامیاب

راجن پور: (ویب  نیوز)

راجن پور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 کے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف نے  میدان مار لیا، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے امیداروں کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ضمنی انتخابات جیتنے کی خوشی میں راجن پور میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جشن منایا گیا، پی ٹی آئی کی کامیابی پر کارکنوں نے ایک دوسرے کو مٹھائی کھلائی، کئی مقامات پر آتش بازی کی گئی اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے گئے، اس کامیابی کو کارکنوں نے عمران خان کے موقف کی جیت قرار دیا۔

حلقہ این اے 193 میں ضمنی انتخاب کیلئے صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہا، 3 لاکھ 79 ہزار 204 کے قریب ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

ضمنی الیکشن میں 11 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا تاہم اصل مقابلہ (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کے درمیان تھا، محسن لغاری اور عمار لغاری میں کانٹے کا مقابلہ ہونے کی توقع کی جا رہی تھی لیکن نتائج اس کے برعکس آئے ہیں، پیپلز پارٹی کے اختر حسن گورچانی بھی یہاں سے امیدوار ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقے میں ووٹنگ کیلئے 237 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے جن میں سے 68 کو حساس قرار دیا گیا، کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے 2 ہزار 650 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے، رینجرز اور آرمی کے جوانوں نے بھی گشت کیا۔

واضح رہے راجن پور کے حلقہ این اے 193 کی نشست پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سردار جعفر لغاری کے انتقال پر خالی ہوئی تھی، اس سے قبل پنجاب حکومت کی جانب سے این اے 193 کا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست بھی کی گئی تھی۔