حج اخراجات کا تخمینہ 11 سے 12 لاکھ روپے کے درمیان  ہوسکتا ہے

اگلے ہفتے کابینہ سے  پالیسی کی منظوری ملتے ہی حج درخواستوں کی وصولی کا باضابطہ اعلان کردیا جائے گا

سرکاری حج سکیم کی درخواست کی وصولی 13 مارچ سے شروع کرنے کا امکان ہے

وزیرخزانہ کوعازمین کوممکنہ زرمبادلہ فراہم کرنے کے بارے میں آگاہ کردیا گیا

 وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار ملاقات میں حج پالیسی پر تبادلہ خیال

اسلام آباد ( ویب نیوز)

حج اخراجات کا تخمینہ 11 سے 12 لاکھ روپے کے درمیان  ہوسکتا ہے، اگلے ہفتے کابینہ سے  پالیسی کی منظوری ملتے ہی حج درخواستوں کی وصولی کا باضابطہ اعلان کردیا جائے گا، سرکاری حج سکیم کی درخواست کی وصولی 13 مارچ سے شروع کرنے کا امکان ہے، وزیرخزانہ کوعازمین کوممکنہ زرمبادلہ فراہم کرنے کے بارے میں آگاہ کردیا گیا ۔وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے   ہفتہ کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے  اہم ملاقات کی۔حج پالیسی، سپانسر شپ سکیم،  سعودیہ میں رقوم کی ادائیگی اور فاٹا  اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ نے مشکل معاشی صورتحال کے باوجود حجاج کیلئے زرمبادلہ کے انتظام کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومت کے آئی ایم ایف سے معاہدات کے باعث ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ اللہ کے مہمانوں کی آسانی اور سہولت کیلئے حکومت ہر ممکن اقدام کرے گی۔وزیر خزانہ نے حج انتظامات کیلئے وزارت مذہبی امور کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروا دی۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حج سپانسر شپ سکیم  صرف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں یا انکے عزیز و اقارب کیلئے ہے۔بیرون ملک سے مخصوص اکاؤنٹ میں غیر ملکی زرمبادلہ بھجوانے والے پاکستانی اس سکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔سپانسر شپ سکیم میں شمولیت کیلئے پاکستانی پاسپورٹ لازم ہو گا۔سپانسر شپ حج سکیم کا کوٹہ 50 فیصد  مقرر کرنے کا اصولی فیصلہ کیا جا چکا ہے،دیگر 50 فیصد حج کوٹہ  سرکاری اور نجی حج سکیم کیلئے مختص کیا  جانے کا اصولی فیصلہ  کرلیا گیا۔ریگولر حج سکیم کے تحت پاکستانی نامزد بینکوں میں حسب سابق حج درخواستیں جمع ہونگی۔موجودہ ڈالر ریٹ کے حساب سے حج اخراجات کا تخمینہ 11 سے 12 لاکھ روپے کے درمیان  ہوگا اوراگلے ہفتے کابینہ سے منظوری ملتے ہی وزیر مذہبی امور حج درخواستوں کی وصولی کا باضابطہ اعلان کریں گے۔سرکاری حج سکیم کی درخواست کی وصولی 13 مارچ سے شروع کرنے کا امکان ہے۔