اسلام آباد (ویب نیوز)

شوگر ایڈوائزری بورڈ کی سفارش پر وزارت خوراک و زراعت نے چینی کی قیمت مقرر کر دی۔ ملک بھر میں چینی کی پرچون قیمت 98 روپے 82 پیسے مقرر کی گئی جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق چینی کی قیمت میں 14روپے 58 پیسے سیلز ٹیکس شامل ہو گا۔چینی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے 30 پیسے شوگر ملز منافع ،اخراجات اور 25 پیسے ڈسٹری بیوٹرز مارجن شامل ہو گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق ٹرانسپورٹ لاگت 2 روپے فی کلو، پرچون فروش کا ایک روپے کلو منافع بھی مجموعی لاگت میں شامل ہو گا۔چینی کی قیمت مقرر نہ ہونے کے باعث مارکیٹ میں چینی30 فیصد مہنگی ہوئی۔ وزارت خوراک و زراعت کے مطابق ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخوں پر چینی فروخت کرانے کی پابند ہو گی۔دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑے سٹورز پر بھی چینی 125 روپے کلو فروخت ہو رہی ہے، اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت 130 روپے فی کلو گرام ہے۔